امریکی قونصل جنرل کی انگریزی کے فارغ التحصیل طلبہ کو شاباش
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی محکمہ خارجہ کے زیراہتمام انگریزی سیکھنے کے دو سالہ انگلش ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام کی کامیاب تکمیل پر 250 طلبا کو امریکی قونصل جنرل کیتھرین راڈریگز نے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی محنت، طلباکی لگن اور طلبہ کہ والدین کے تعاون کو سراہا۔
مواصلاتی رابطے پر منعقدہ گریجویشن تقریب میں طلبا نے اپنی کامیابیوں کو بیان کیا، اپنی شاعری سنائی اور گیت گائے۔قونصل جنرل راڈریگز نے گریجویشن تقریب سے اپنے خطاب میں طلبا کو اپنے تعلیمی سفر کے اس سنگ میل کو عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے آپ نے ہر ہفتے اضافی گھنٹے انگریزی سیکھنے کو دیے، گھر میں اسباق کو دہرایا اور اپنے ساتھی طلبہ کے ساتھ مل کر کام کیا۔ انہوں نے طلبا کی تعلیم کے لئے ان کے خاندان کی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
قونصل جنرل نے پروگرام پر عملدرآمد کے شرکا کارلاہور انسٹیٹیوٹ آ ف فیوچر ایجوکیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرعبدالماجد خاں رانا، ڈائریکٹر ایجوکیشن ورکرز ویلفیئر بورڈ سجاد اسلم، ایکسیس پروگرام منیجر محمد عمر عظیم، ایکسیس کوآرڈینیٹرز اور اساتذہ کا ان مشترکہ اہداف کے حصول پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی مشن برائے پاکستان نے پانچ شہروں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں انگلش ایکسیس پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ ان پروگراموں کے ذریعے ہمارے شراکت دار نہ صرف نوجوانوں کو انگریزی سیکھنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ پاکستان اور امریکی ثقافت، معاشرے، فنون لطیفہ اور روایات کے فرق اور مماثلت کے بارے میں بھی آ گاہ کرتے ہیں۔ ایکسیس پروگرام طلبہ، کاروباری خواتین، مختلف ایکسچینج پروگراموں کے شرکائ ، ابھرتی ہوئی قیادتوں، امریکی سفارت کاروں اور ماہرین کے مابین رابطے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ انگریزی زبان کی استعداد نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرتی ہے، یہ اعلی اور سائنسی تعلیم کے حصول کا ذریعہ ہے اور قومی، علاقائی اور بین الاقوامی کاروبار کے لیے ضروری ہے۔ یہ دنیا کے دوسرے ممالک سے ایک مضبوط تعلق استوار کرنے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ایکسچینج پروگراموں، جیسا کہ فل برائٹ اور سٹڈی آف یو ایس انسٹیٹیوٹس میں شرکت کے لیے انگریزی کی اچھی استعداد درکار ہے۔ ہم زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کی ہمارے عوامی ایکسچینج پروگراموں میں شرکت کے خواہاں ہیں۔ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام 13 سے 20 سال کے معاشی طورپرغیرمستحکم طلبا اورطالبات کے لیے ترتیب دیا گیا ہے. اب تک 22 ہزار طلبااس پروگرام سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔