ملک میں کرکٹ کی بہتری ، سراج الحق نے میدان میں نکلتےہوئے ایسا اعلان کردیا کہ ہر کوئی حیران رہ جائے 

ملک میں کرکٹ کی بہتری ، سراج الحق نے میدان میں نکلتےہوئے ایسا اعلان کردیا کہ ...
ملک میں کرکٹ کی بہتری ، سراج الحق نے میدان میں نکلتےہوئے ایسا اعلان کردیا کہ ہر کوئی حیران رہ جائے 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)حکومت کی تین سالہ کارکردگی کو انتہائی مایوس کن،عوام اور ملک دشمن قرا ر دیتےہوئےقومی اسمبلی میں موجود دو بڑی اپوزیشن جماعتوں (مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی) کے طرز عمل پر بھی شدید تنقید کی اور کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کا شعبہ زوال پذیر ہے، اس لئے ’جماعت اسلامی  یوتھ ونگ کرکٹ بورڈ‘ کا قیام عمل میں لایا گیاہے ،ملک میں جے آئی یوتھ کرکٹ لیگ کا انعقاد ہونے جارہاہے جو پاکستان بھر میں ٹیلنٹ کو ابھارنے اور ملک کے مایوس کن حالات میں ایک تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا۔

منصورہ میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان تمام میچز فکس ہیں اور اس بات کا مظاہرہ ہر اہم موقع پر دیکھنے میں آیا ، پی ٹی آئی ، نون لیگ اور پیپلز پارٹی نے اقتدارکے مزے لیے اور عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ،جماعت اسلامی موثر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے ،ہم عوام کے لیے ملک کے طول و عرض میں آواز بلند کر رہے ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی اقتدار میں لانے اور نکالنے کا حتمی فیصلہ عوام کو ہی کرناہے، جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد چور دروازوں یا کسی سے ڈیل کر کے اقتدار میں آنا ہر گز نہیں،ہم ملک میں ادارہ جاتی ریفارمز اور ایک موثر اور جاندار لیکشن کمیشن جو صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد کرواسکے،نوجوان ٹیلنٹ ضائع ہو رہاہے، ہماری خواہش ہے کہ ملک میں کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں بہتر ی آئے ۔

انہوں نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ ملک میں جب بھی شفاف الیکشن ہوئے ، عوام جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع ضروردیں گے ۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ جماعت اسلامی اور دوسری جماعتوں کے ایجنڈے میں کیا فرق ہے اور عوام انہیں کیوں موقع دیں گے ؟ تو سراج الحق نے کہاکہ مختلف نام نہاد جمہوری حکومتوں اور مارشل لاز نے 70 برس میں ہر ادارے کو تباہ کیا، پاکستان میں اب تک حقیقی معنوں میں جمہوری نظام قائم نہیں ہوسکا ،جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے ایجنڈے کے ساتھ میدان عمل میں ہے، ہم ملک کو فلاحی ریاست بناناچاہتے ہیں،ہم معیشت کو سود اور آئی ایم ایف کے جنگل سے آزادی دلائیں گے،جماعت اسلامی کا نظم اور اس کے مختلف ادارے اس امر کی گواہی دیتے ہیں کہ ہمارے لوگوں میں ملک کو درست سمت میں ڈالنے اور اسے دنیا میں باوقار مقام دلانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت خود پانچ سال پورے نہیں کرنا چاہتی اور جانے کے لیے موقع کی تلاش میں ہے ۔ 

 پریس کانفرنس میں امیر جماعت نے خصوصی طور پر ملک میں کھیلوں کے شعبوں میں زوال کی نشاندھی کی اور اعلان کیا کہ اس شعبہ میں بہتری لانے کا بیڑہ جماعت اسلامی کے یوتھ ونگ نے اٹھایا ہے جس کے لیے یوتھ ونگ کرکٹ بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیاہے ، جے آئی یوتھ ونگ کرکٹ بورڈ ملک کے تمام بڑے چھوٹے اضلاع میں گراؤنڈز کی بہتری اور نئے گراؤنڈز قائم کرے گا، لوکل ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا بھر پور موقع فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ملک میں جے آئی یوتھ کرکٹ لیگ کا انعقاد ہونے جارہاہے جو پاکستان بھر میں ٹیلنٹ کو ابھارنے اور ملک کے مایوس کن حالات میں ایک تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا، جے آئی یوتھ ونگ کے چیئرمین ملک نصر ہوں گے ۔ امیر جماعت نے اس بات کو حوصلہ افزا قرار دیا کہ امت مسلمہ میں نوجوانوں کا جذبہ قابل دید ہے،فلسطین ہو یا کشمیر ، نوجوان سپر طاقتوں کے خلاف بھر پور جدوجہد کر رہے ہیں ۔

انہوں نے پاکستانی نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک کو اسلامی فلاحی مملک بنانے کے لیے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں ۔ امیر جماعت نے اعلان کیا کہ 30 مئی کو پشاور میں تاریخی القدس مارچ ہو گا ۔ انہوں نے نوجوانوں سمیت تمام طبقہ ہائے فکر سے القد س مارچ میں بھر پور شرکت کی اپیل کی

مزید :

قومی -کھیل -