پی ایس ایل ،قومی ستارے ابوظہبی میں جگمگانے کو تیار

پی ایس ایل ،قومی ستارے ابوظہبی میں جگمگانے کو تیار
پی ایس ایل ،قومی ستارے ابوظہبی میں جگمگانے کو تیار

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پی ایس ایل 6 کے ابوظہبی منتقل کیے گئے بقیہ تمام میچز جون کے پہلے ہفتے سےشیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کی کراچی لیگ میں شامل 14 میچز کے بعد دفاعی چیمپئن کراچی کنگز، 2017 کی چیمپئن پشاور زلمی، 2016 اور 2018 کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور گزشتہ سال کی رنرزاپ لاہور قلندرز کی ٹیمیں چھ، چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی چار پوزیشنز پر موجود ہیں۔ 

چونکہ لیگ کے ابتدائی شیڈول میں تبدیلی کی گئی تھی لہٰذا چند غیرملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث تقریباََ تمام ٹیموں میں شامل سینئر قومی کرکٹرز کا کردار اب اور بھی زیادہ  اہم ہوگیا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف، لاہور قلندرز کے فخر زمان، کوئٹہ گلیڈ ی ایٹرز کے محمد نواز، کراچی کنگز کے شرجیل خان، پشاور زلمی کے شعیب ملک اور ملتان سلطانز کے صہیب مقصود کا شمار ان چند ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ میں ہوتا ہے جو  کسی بھی وقت اپنی ٹیم کے لیے میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے لیگ کے ابتدائی راؤنڈ میں بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔   انہوں نے 20 کی اوسط اور 6.15 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ایک میچ میں عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 11 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ وہ   158.06 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ٹورنامنٹ میں 49 رنز بناچکے ہیں۔لاہورقلندرز کے اوپنر فخرزمان ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پرموجود ہیں۔ انہوں نے کراچی میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کی چار اننگز میں 143.18 کے اسٹرائک ریٹ اور 63 کی اوسط کے ساتھ  189 رنز بنائے۔ اس د وران انہوں نے ایک میچ میں 83 رنز کی اننگز بھی کھیلی۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آلراؤنڈر محمد نواز نے کراچی لیگ میں 89 رنزبنانے کے ساتھ ساتھ ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں کراچی کی ہائی سکورنگ لیگ کے باوجود، ابتدائی میچز میں اب تک 7.38 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ باؤلنگ کی جو قابل ستائش ہے۔کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان نے کراچی لیگ میں بننے والے واحد سنچری سکور کی ، انہوں نے 170.94 کے اسٹرائیک ریٹ اور 40 کی اوسط سے  200 رنز بنارکھے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں پانچ میچز کے دوران 15 چھکے اور 19 چوکے لگائے۔پشاورزلمی کے آلراؤنڈرشعیب  ملک نے کراچی میں کھیلے گئے پانچ میچز میں 33.66 کی اوسط سے  101 رنز اسکور کیے۔انہوں نے  ٹورنامنٹ کی ابتدائی لیگ کے پانچ میچز میں  پانچ چھکے اور چھ چوکے جڑے۔صہیب مقصود ملتان سلطانز کی طرف سے اب تک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بیٹسمین ہیں،وہ 45 کی اوسط سے 135 رنز بناچکے ہیں۔

مزید :

کھیل -