اپنے گھر کے باہر قتل ہونے والا پاسدارانِ انقلاب کا کرنل دراصل کس قسم کی کارروائیوں کا ذمہ دار تھا؟ تہلکہ خیز رپورٹ
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) اتوار کے روز ایران کے دارالحکومت تہران میں اپنے گھر کے باہر قتل ہونے والے پاسدارانِ انقلاب کے کرنل کے بارے میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ وہ فورس کے قاتلوں کے گروہ کا ذمہ دار تھا۔
عرب نیوز نے امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ کرنل حسن سید خدائی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے یونٹ 840 کیلئے اغوا اور قتل کی منصوبہ بندی کرتے تھے۔ حال ہی میں اس یونٹ نے اسرائیل کے ایک سفارتکار ، ایک امریکی جرنیل اور ایک فرانسیسی دانشور کو بھی ٹھکانے لگانے کی منصوبہ بندی کی تھی جو ناکام رہی۔اس یونٹ کی بعض کارروائیاں کامیاب بھی رہیں جن میں گزشتہ برس قبرص میں ایک اسرائیلی بزنس مین کا قتل شامل ہے۔
تاحال کسی بھی گروپ یا انٹیلی جنس ایجنسی نے خدائی کے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اشاروں کنایوں میں اس کا الزام امریکہ پر عائد کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قاتلوں سے بدلہ ضرور لیا جائے گا۔