نصیر ٹیچنگ ہسپتال میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار

نصیر ٹیچنگ ہسپتال میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام فرخندہ انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ (نصیر ٹیچنگ ہسپتال) میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا. جس میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت‘ دیگر ٹریفک حکام‘ ڈائریکٹر فہد خان کبیر‘ فرخندہ انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ افشاں اول خان اور دیگر ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے ذریعے ٹریفک حادثات اور ٹریفک جام جیسے اہم مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے سمیت ٹریفک کی روانی یقینی ہو۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ اسی طرح دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی و سیکیورٹی کا خاص خیال رکھتے ہوئے صبر و تحمل سے ٹریفک اصولوں کے مطابق گاڑی چلانی چاہئے انہوں نے کہا کہ شہری ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہ کرنے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے باقاعدہ ٹریفک رضا کار فورس تشکیل دی ہے جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ کو شامل کیا گیا ہے جو وقتاً فوقتاً شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے سے شہریوں نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں کافی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور اہلکار پرائمری‘ مڈل اور میٹرک تک سکول کے طلبہ کو باقاعدہ روڈ کراسنگ اور اشاروں سمیت دیگر ٹریفک قوانین بارے آگاہی دیتے ہیں تاکہ وہ بچپن ہی سے ٹریفک قوانین سے آگاہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں آئی ٹی اصلاحات سے متعلق انقلابی تبدیلیاں لائی گئی ہیں جس کے تحت سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی گاڑیوں میں ٹریکر لگا دیئے گئے ہیں جبکہ ایف ایم ریڈیو 88.6 کو مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے جس کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک نظام سے متعلق آگاہی دی جاتی ہے اور جہاں پر ٹریفک جام ہوتا ہے اس کے متبادل روٹس بارے شہریوں کو آگاہ کیا جاتا ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ای پٹرولنگ سسٹم کے تحت ٹریفک افسران کی گاڑیوں میں کیمرے لگائے گئے ہیں جس میں باقاعدہ ریکارڈنگ ہوتی ہے جس کا سارا ریکارڈ کمانڈ کنٹرول روم میں ہوتا ہے جس کی افسران از خود نگرانی کرتے ہیں اسی طرح آئی ٹی اصلاحات کے تحت ای چالان سسٹم کے ذریعے بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے بارے میں با آسانی آگاہی حاصل ہو سکتی ہے جس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کر کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیا جاتا ہے۔ محکمے کی جانب سے سوشل میڈیا کے تمام ویب سائٹس کو فعال کیا گیا ہے جس کے ذریعے ٹریفک نظام سے متعلق ہر پندرہ منٹ بعد شہریوں کو آگاہی دی جاتی ہے تاکہ وہ کلیئر سڑکوں پر سفر کر سکیں اور انہیں کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ٹریفک میں آئی ٹی اصلاحات وقت کی اشد ضرورت ہے کیونکہ آج کل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور شہری کسی بھی وقت سوشل میڈیا کے ذریعے ٹریفک نظام سے استفادہ کر سکتے ہیں۔بعد ازاں ڈائریکٹر فرخندہ انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ (نصیر ٹیچنگ ہسپتال) کے ڈائریکٹر فہد خان کبیر اور پرنسپل افشاں اول خان نے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کو شیلڈ اور سونیئر پیش کیا۔