باغ امن میلہ 2022 وادی تیراہ میں اختتام پذیر ہو گیا
خیبر (ویب ڈیسک) قبائلی ضلع خیبر کا علاقہ تیراہ جو ایک دور میں دہشت گردی کی علامت سمجھا جاتا تھا. دہشت گردوں کی کاروائیوں کے بعد پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کے بعد دیگر قبائلی اضلاع کی طرح اس علاقے میں بھی امن قائم ہوا جس کی بدولت نا صرف یہاں سے کوچ کرنے والے قبائل واپس آ رہے ہیں بلکہ اب اس علاقے میں ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے اور مختلف ایونٹس کا انعقاد امن کی ضامن ہیں.
اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ, پاکستان آرمی اور فرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے 23 سے 25 مئی تک "باغ امن میلہ" کا انعقاد کیا گیا. اس میگا ایوینٹ میں بچوں نے قومی پرچم لہرایا. میلہ میں مارچ کرتے ہوئے بینڈ نے خوبصورت دھنوں کے ذریعے شرکاء سے خاص داد وصول کی. باغ امن میلہ میں بچوں نے مختلف ٹیبلوز پیش کئے.
اس موقع پر پاکستان آرمی کی ملٹری پولیس کے بائیک رائیڈز نے بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا. میلہ میں خٹک ڈانس اور دیگر علاقائی رقص بھی پیش کیا گیا. کیڈیٹ کالج وارسک کے طلباء نے بھی میلہ میں جمناسٹک اور گھڑ سواری کے جوہر دکھائے.
باغ امن میلہ کی سب سے خاص بات پیرا گلائیڈنگ, پاور گلائیڈنگ اور فری فال جمپ کا مظاہرہ تھا. پاکستان آرمی فزیکل ٹریننگ سکول ایبٹ آباد کے جوانوں نے پیرا گلائیڈنگ اور پاور گلائیڈنگ کا خوبصورت مظاہرہ کیا. جبکہ پاکستان آرمی کی سپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز نے فری فال کا خوبصورت مظاہرہ کیا.
شائقین خصوصا قبائلی نوجوانوں اور بچوں نے ایس ایس جی کمانڈوز کی زبردست لینڈنگ کو خوب داد دی. باغ امن میلہ کو دیکھنے کے لئے خیبرپختونخواہ کے دیگر قبائلی اضلاع سے بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی. اس کے علاوہ اعلی سول اور فوجی حکام, قبائلی اضلاع کے مشران, علاقہ مکین, بچوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی.
25 مئی تک جاری رہنے والے باغ امن میلہ میں کرکٹ, والی بال, گھڑسواری اور رسہ کشی سمیت دیگر علاقائی کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہوئے.