عمران خان کی لانگ مارچ کے دوران جاں بحق ہونے والے کارکن کے گھر آمد ، اہلخانہ سے تعزیت کی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان مردان پہنچے اور لانگ مارچ کے دوران جاں بحق ہونے والے کارکن سید احمد کے گھر گئے ، سابق وزیر اعظم نے مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کی ۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان مردان پہنچے جہاں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا ، عمران خان لانگ مارچ کے دوران جاں بحق ہونے والے پارٹی کارکن کے گھر گئے ، اہلخانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔
سابق ویر اعظم نے کہا کہ سید احمد جیسے کارکنوں کی قربانیوں سے ہی حقیقی آزادی حاصل ہوتی ہے ، ہم اس قربانی کو بھولنے نہیں دیں گے ، پارٹی کو سید احمد کی قربانی پر فخر ہے ، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پارٹی سید احمد کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی، مرحوم کے بچوں کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔