کروز کمپنی کی لوگوں کو برمودہ ٹرائی اینگل کے سفرکی پیشکش، ساتھ ہی ایسی عجیب وغریب آفر دیدی کہ سمجھ نہ آئے ہنسیں یا روئیں
اوسلو(مانیٹرنگ ڈیسک) ناروے کی ایک کروز کمپنی نے لوگوں کو برمودا ٹرائی اینگل کے سفر کی پیشکش کرتے ہوئے ایسی بات کہہ دی ہے کہ سننے والے سر حیرت سے کھجانے پر مجبور ہو گئے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس کمپنی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اگر اس کا بحری جہاز برمودا ٹرائی اینگل میں پراسرار طور پر لاپتہ ہو جاتا ہے تو وہ تمام مسافروں کو ٹکٹ کی پوری رقم واپس کر دے گی۔ کمپنی کے اس اعلان پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اگر بحری جہاز لاپتہ ہو گیا تو ٹکٹ کی رقم واپس لینے کے لیے کون بچے گا؟
رپورٹ کے مطابق یہ نارویجن پرائما لائنر نیویارک سے اپنے سفر کا آغاز کرے گا اور برمودا ٹرائی اینگل میں جائے گا۔ یہ جہاز دو دن سمندر میں گزارے گا۔ چھٹیاں منانے اور برمودا ٹرائی اینگل دیکھنے کے خواہش مند لوگ 1ہزار 450پاﺅنڈ (تقریباً 3لاکھ 70ہزار روپے)روپے میں اس جہاز کا ٹکٹ خرید سکتے ہیں اور دھڑا دھڑ لوگ خرید بھی رہے ہیں حالانکہ دہائیوں سے برمودا ٹرائی اینگل کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہاں جو بھی بحری جہاز جاتا ہے یا اس کے اوپر سے جو بھی ہوائی جہاز گزرتا ہے وہ پراسرار طور پر لاپتہ ہو جاتے ہیں۔
اب تک سینکڑوں کشتیاں، بحری اور ہوائی جہاز ان سمندر ی حدود میں غائب ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نارویجن پرائما لائنر کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ سفر کرنے والے لوگوں کو فکرمند ہونے کی چنداں ضرورت نہیں ہے کیونکہ اگر ان کا یہ دیوہیکل جہاز برمودا ٹرائی اینگل میں غائب ہو جاتا تو تمام لوگوں کو ٹکٹ کی پوری رقم واپس کر دی جائے گی۔“