"سعودی عرب سے تیل مانگنا غلط بات ہے" امریکہ کا اہم ترین بیان سامنے آگیا

"سعودی عرب سے تیل مانگنا غلط بات ہے" امریکہ کا اہم ترین بیان سامنے آگیا

  

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ کے صدارتی محل وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرن جین پیئر  کا کہنا ہے کہ  رواں ہفتے  امریکہ کے دو اعلیٰ عہدیداروں نے سعودی عرب  کا دورہ کیا ہے تاکہ انرجی سیکیورٹی کے حوالے سے تعاون کو فروغ دیا جاسکے، ان عہدیداروں کے دورے کا مقصد سعودی عرب کو تیل کی پیداوار بڑھانے کا پیغام دینا نہیں تھا۔

وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیرن جین نے کہا کہ سعودی عرب سے تیل مانگنا غلط بات ہوگی۔ جب بھی تیل کے معاملات ہوں گے تو فیصلہ اوپیک پلس ممالک ہی کریں گے، ہم تیل کی مارکیٹ کی صورتحال کے حوالے سے سعودی عرب سمیت تمام ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن دو افراد نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے ان میں وائٹ ہاؤس کے مشیر بریٹ میک گرک اور وزارت خارجہ کے انرجی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے آموس ہوچسٹائن شامل ہیں۔  دونوں امریکی عہدیداروں نے مشرقِ وسطیٰ کا دورہ کیا ہے تاکہ ایران کی عدم استحکام کی کارروائیوں اور دیگر علاقائی مسائل پر بات چیت کی جاسکے۔

مزید :

بین الاقوامی -