قرآن مجید کی طباعت کیلئے جدید مشینری کا استعمال ناگزیر،قدر ت اللہ
لاہور(پ ر)قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر قدرت اللہ، چیئرمین سید احسن محمود شاہ اور سرپرست اعلیٰ حفیظ البرکات شاہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قرآن مجید کی طباعت واشاعت اور جلد بندی کا معیار بہتر بنانے کیلئے جدید ترین مشینری کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ لہذا ایف بی آر کے چئیرمین عاصم احمد سے ہمارا مطالبہ ہے کہ پرنٹنگ اور بائنڈنگ مشینری درآمد کرنے کیلئے قرآن مجید کے ناشران کو آسان شرائط پر اور بغیر سود کے قرضے دیے جائیں،مشینری کی درآمد پر عائد تمام ٹیکسز معا ف کئے جائیں، قرآن مجید کے درآمدی پیپر میں گرامز اور سائز کی پابندی بھی ختم کی جائے۔ مخصوص گرامز اور سائزکی وجہ سے سیپاروں اور قرآن مجید کی طباعت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایف بی آر کے چئیرمین عاصم احمد نے ناشران قرآن کے مسائل ہمیشہ خندہ پیشانی سے سنے اور حل بھی کئے ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔قرآن مجید دنیا کی سب سے مقدس اور پاکیزہ کتاب ہے اس کتاب کے صدقے ہی ہمیں پاکستان حاصل ہوا ہے اور اس کتاب کی برکت سے ہی ہمارے مسائل حل ہوں گے ´ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن مجید کی زیادہ سے زیادہ طباعت کی جائے۔
، اس کی تعلیمات کو عام کیا جائے اوران پر عمل کیا جائے۔ اب جبکہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی کوششوں سے ملک بھر کے تمام نجی سرکاری سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں قرآن مجید ناظرہ اور ترجمہ لازمی قرار دیا جاچکا ہے اس کا مطلب ہے کہ کروڑوں کی تعداد میں قرآن مجید اور سیپاروں کی ضرورت ہے جن کی طباعت تیز ترین اور جدید ترین پرنٹنگ اور بائنڈنگ مشینوں کے ذریعے سے ہی ممکن ہے۔ جدید ترین پرنٹنگ اور بائنڈنگ مشینوں سے جہاں قرآن مجید کی طباعت واشاعت کام تیز تر ہوگا وہاں اس سے کام میں نفاست، خوبصورتی اور پائیداری بھی آئے گی جس سے پاکستان کانام دنیا بھر روشن ہوگا، اللہ پاکستان کیلئے اپنی رحمتوں، برکتوں کے دروازے کھول دے گااورپاکستان کیلئے دنیا بھر میں قرآن برآمد کرنا بھی ممکن ہوجائے گا جس سے ہمارے ملک کے زر مبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔