جو جنگ لڑی جارہی ہے اس میں کوئی فاتح نہیں ہوگا ‘ فرخ حبیب
لاہور( این این آئی ) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک میں جو جنگ لڑی جارہی ہے اس میں کوئی فاتح نہیں ہوگا بلکہ نقصان پاکستان کا ہوگا ، بات کو سنا جائے ، اگر ملک کو مضبوط کرنا ہے تو فیصلے عوام کو کرنے دیں، حق حکمرانی عوام کو منتقل کریں اور وہ فیصلہ کریں حکمران کون ہوگا اور باقی اپنا آئینی کردار ادا کریں گے ٹھنڈے دل سے ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے انتخابات کی طرف پیشرفت کی جائے ۔ پریس کانفرنس میں فرخ حبیب نے کہا کہ تحریک انصاف ہرگز توڑ پھوڑ اور انتشار کی سیاست کی قائل نہیں، جو ان واقعات میں ملوث ہیں ان کو گرفتار کریں اور قانون کے مطابق سزائیں دیں لیکن 9مئی کی آڑ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے، جو ملزمان ہیں انہیں شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے پی ٹی آئی ایم کیو ایم نہیں عوامی جماعت ہے، حکومت کے ایسے اقدامات سے پارٹی کبھی ختم نہیں ہوگی،ہم چاہتے ہیں ملک میں نئے انتخابات کی طرف پیشرفت ہو، امید کرتا ہوں کہ بات کو سنا جائے گا اور ملک کے حالات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر نئے انتخابات کے لئے پیشرفت کی جائے، عمران خان کے خلاف 150 مقدمات بنائے گئے ہیںجو جعلی اور بے بنیاد ہیں۔
فرخ حبیب