شر پسندوں کیخلاف قوم یکسو، نفاق کی ہر سازش ناکام ہو چکی: محسن نقوی
لاہور (این این آئی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے ملاقات کی۔ محسن نقوی اور شاہ زین بگٹی نے شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تمام شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے وطن کی یادگاروں کو نقصان پہنچا کر پاکستان کی اساس پر حملہ کیا گیا۔کوئی بھی شرپسند قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائے گا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی زیر صدار ت اجلاس منعقد ہوا جس میں منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال روکنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال روکنے کیلئے مزید موثراقدامات اٹھائے جائیں گے اور پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آج وزیر اعلی آفس میں کمانڈر سنٹرل پنجاب پاکستان نیوی و کمانڈنٹ پاکستان نیوی و ار کالج ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے ملاقات کی-جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان نیوی کے پیشہ ورانہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا- ملاقات میں 9 مئی کو عسکری تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملوں کی مذمت کی گئی اورشہداء اور ان کے خاندانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا- نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پاکستان نیوی کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا-محسن نقوی نے کہا کہ پاک بحریہ کے جانبازوں نے ہمیشہ شجاعت کی داستانیں رقم کی ہیں۔ سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں۔ آرمی اور ایئرفورس کی طرح پاکستان نیوی نے بھی ہمیشہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔وطن عزیز کی سمندری حدود کے دفاع میں پاکستان نیوی کا کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔مزید برآں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیر اعلی آفس میں ری پبلک آف کوریا کے سفیر سوہ سنگپیو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی امور، دوطرفہ تعلقات او رمختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے باہمی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔دونوں ملکوں کے باہمی روابط کو معاشی تعلقات میں بدلنے کا وقت آ گیا ہے۔تجارتی وفود کے تبادلوں سے معاشی و کاروباری تعلقات بڑھیں گے۔پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کارو ں کے لئے ون ونڈو سہولت فراہم کی گئی ہے -محسن نقوی نے کہا کہ کورین سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں، ہر ممکن سہولتیں دیں گے- قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم تکریم شہداء بھرپورجوش وخروش سے منانے پر قوم سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم تکریم شہداء ملی جذبے اور قومی عزم سے منانے پر پوری قوم کا شکریہ۔یوم تکریم شہداء پر پوری قوم کا جذبہ اورعزم دید نی رہا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ شرپسندسن لیں کہ پاکستانی قوم کا جذبہ ایمانی انکی شرانگیزی سے بہت بلند ہے۔پوری قوم یکسو اوریکجان ہے،نفاق کی ہر سازش ناکام ہوچکی ہے اور قوم نے شرپسندوں اورفتنہ پھیلانے والوں کے چہرے پہچان لئے ہیں۔پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر افسر اور جوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔
محسن نقوی