پی ڈی ایم ترجمان نے تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنماؤں سے متعلق بڑا مطالبہ کردیا
ایبٹ آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر تحریک انصاف چھوڑنے والے افراد جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہیں تو انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔
ایبٹ آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے پی ٹی آئی چھوڑ دینے سے انصاف کا تقاضا پورا نہیں ہوتا ، ایسے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانا چاہیے، تحریک انصاف چھوڑنے والوں کی مکمل تحقیقات کی جائیں اگر ان میں سے کوئی شخص جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث ہے تو اسے فوری گرفتار کرکے سزا دی جائے ۔ حافظ حمد اللہ نے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنماؤں کو اپنی پارٹیوں میں شامل نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ؟