پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کاوشیں جاری رہیں گی: امریکی قونصل جنرل 

پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کاوشیں جاری رہیں گی: امریکی قونصل جنرل 

  

         ساہیوال،لاہور (بیورو رپورٹ، ڈ سٹر کٹ رپورٹر،لیڈی رپورٹر) امریکی قونصل جنرل لاہور ولیم میکانیول کی سربراہی میں وفد کی کمشنر ساہیوال کے دفتر آمد، کمشنر شعیب اقبال سید کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی،وفد میں پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف کتھیلین گیبیلسکو اور اکنامک سپیشلسٹ آمنہ انیس بھی شامل تھیں -امریکی قونصل جنرل ولیم میکانیول نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کیا ہے اورمستقبل میں بھی پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے ساہیوال کے دورے کو پنجاب کے عوام سے براہ راست رابطے کی ایک کڑی قرار دیا اور کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی ذاتی دلچسپی سے مکمل کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے کے عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونگے اور ان کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ساہیوال ہزاروں سال پرانی وادی سندھ کی تہذیب کا وارث شہر ہے جس کی تعمیر و ترقی اور یہاں کے باسیوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کااولین مشن ہے۔دریں اثنا قونصلر جنرل ولیم میکانئیول کی سربراہی میں امریکی سفارتی وفد نے سیمن پروڈکشن یونٹ قادر آباد ساہیوال کابھی دورہ کیا۔ امریکی قونصلر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے شعبہ لائیوسٹاک کا پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ہے، اعلیٰ جینیاتی خواص کے حامل امریکن بلز کے سیمن کو استعمال کر کے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔ وفد کا کہنا تھا کہ معیاری سہولیات سے لیس سیمن پروسیسنگ لیب کا کام قابل تعریف ہے۔ وفد نے ایمبریوٹرانسفر، سیمن پروسیسنگ اور بریڈ امپروومنٹ کے شعبوں اور جینوم ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی محکمہ کے ساتھ مل کر کام کرنے بارے تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل)،ڈائریکٹر جنرل (پر و ڈ کشن)،ڈائریکٹر ساہیوال، ڈائریکٹر بریڈ امپروومنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر سیمن پروڈکشن یونٹ بھی سیکرٹری لائیوسٹاک کے موجودتھے۔

امریکی قونصل جنرل