کستانی تاجروں کا 20 رکنی اعلی سطحی وفد چھ روزہ دورے پر بھارت روانہ
کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستانی تاجروں کا 20 رکنی اعلی سطحی وفد چھ روزہ دورے پر بھارت روانہ ہوگیا۔وفد کی سربراہی ایشیا پیسیفک چیمبر کے صدر طارق سعید کررہے ہیں جبکہ دیگر اراکین میں سارک چیمبر آفکامرس کے سینیئر نائب صدر افتخار علی ملک، شکیل احمد ڈھنگرا، زبیر طفیل، منظر عالم اور ملک سہیل شامل ہیں۔ اپنے دورے کے دوران پاکستانی وفد بھارتی تاجروں اور صنعتکاروں سے ملاقتیں کریں گا جب کہ بھارتی چیمبر آف کامرس کے سینئر ممبر وکرم جیت سنگھ کی بیٹی کی شادی میں بھی شرکت کرے گا۔ بھارت روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایشیا پیسیفک چیمبر آف کامرس کے سربراہ طارق سعید نے کہا کہ دورہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ باہمی تجارت میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کی تاجر برادری کوششیں کررہی ہے۔ تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے دونوں ملکوں کی معیشت مضبوط ہوگی اور عوام خوشحال ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اعلی سطحی وفد کا دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تاجروں کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔ اس موقع پر سارک چیمبر کے سینیئر نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی طرف سے حال ہی میں ویزے کو ختم کرنے کے بیان سے تاجر برادری کو حوصلہ افزائی ملی ہے۔ انہوں نے اس بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجری برادری کی یہ دیرینہ خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کو ویزا پالیسی میں نرمیاں پید اکرنی چاہیئں۔
انہوں نے کہا کہ ویزے میں نرمی سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، جس سے دو طرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی اور روزگار کے نئے مواقع پید اہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت سارک کے اہم رکن ہیں، جن پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تجارتی سرگرمیوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ایف پی سی سی آئی کے میڈیا چیئرمین ملک سہیل نے کہا کہ خطے میں خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہوں تاکہ تاجر برادری کو پر امن طریقے سے کاروبار کرنے کا موقع ملے۔