انٹرنیشنل ٹیکسٹائل اینڈ کلاتھنگ کانفرنس “ 9دسمبر کو لاہور میں منعقد ہو گی

انٹرنیشنل ٹیکسٹائل اینڈ کلاتھنگ کانفرنس “ 9دسمبر کو لاہور میں منعقد ہو گی

لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب حکومت اورپنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے زیر اہتمام” انٹرنیشنل ٹیکسٹائل اینڈ کلاتھنگ کانفرنس “ 9دسمبر کو لاہور میں منعقد ہو گی -کانفرنس سے ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ نمایاں عالمی اور ملکی شخصیات خطاب کریں گی جبکہ ملکی و غیر ملکی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے ۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل پراجیکٹ اینڈ پالیسی انوسٹمنٹ بورڈ پنجاب ڈاکٹر علی نوید پیرزادہ ، سی ای او میٹرکس سورسنگ اظفر حسن اورچیئرمین پاکستان ریڈیمیڈ گارمنٹس مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پنجاب چیپٹر ساجد سلیم مہناس نے ٹیکسٹائل اینڈ کلاتھنگ کانفرنس 2013ءکے انتظامات کے حوالے سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے نہ صرف ملکی ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ ملے گابلکہ یہ اس شعبے سے وابستہ افراد کو عالمی اداروں اور شخصیات سے رابطے کیلئے ایک موثر فورم بھی فراہم کرے گی -کانفرنس کو تین چیپٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے ہر چیپٹر میں ماہرین کے خطاب کے علاوہ سٹیک ہولڈرز کے باہمی رابطے کیلئے متعدد سیشنز بھی ہوں گے-انہوںنے بتایا کہ کانفرنس کے دوران ٹیکسٹائیل سیکٹر سے متعلقہ امور پر تفصیلی غوروخوض کیا جائے گا اوراس کانفرنس کے انعقاد سے خصوصی طور پر ملکی سٹیک ہولڈرز کو اس شعبے کے بین الاقوامی اداروں سے رابطے اور اس کے نتیجے میں پارٹنرشپ قائم کرنے کا موقع ملے گا -انہوں نے بتایا کہ کانفرنس سے ٹیکسٹائیل سیکٹر کی نمایاں شخصیات خصوصا گلوبل ایپرل برانڈ ز کے صدر پرگیسی ہوم ،سینئر وائس پریذیڈنٹ ٹیکنو پاک ایڈوائزرز انڈیا امیت گگنانی اور چیئر مین نشاط گروپ پاکستان میاں منشاءبھی خطاب کریں گے۔ڈاکٹر علی نوید پیر زادہ ،اظفر حسن اور ساجد سلیم منہاس نے مزید بتایا کہ اس کانفرنس سے ٹیکسٹائیل سیکٹر کی مشینری اور آلات تیار کرنے والوں ،خریداروں ،انویسٹرز ،سپلائرز اور طالبعلموں کو بھی عالمی ماہرین سے براہ راست رابطے کا موقع ملے گا جس سے ان کی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا -کانفرنس میں عالمی اور ملکی ادارے پاکستان ٹریڈ مشن ٹوکیو، نیشنل چیمبر ز، ٹیکسٹائل منسٹری اور دیگر تجارتی تنظیموں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

مزید : کامرس