ایران ،امریکہ معاہدہ عقلمندی اور تمام لوگوں کی فتح ہے،آصف زرداری

ایران ،امریکہ معاہدہ عقلمندی اور تمام لوگوں کی فتح ہے،آصف زرداری

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)سابق صدر آصف علی زرداری نے ایران اور مغربی ممالک کے درمیان ہونے والے دانشمندانہ معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایک طویل عرصہ سے قائم جمود کو ختم کرنے اور علاقے میں امن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مذاکرات اور سفارتکاری کو مسائل حل کرنے کے لئے استعمال کرنے پر زور دیا ہے تاکہ امن اور سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے اور یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ طاقت کی بجائے مذاکرات کے ذریعے یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے اور یہ نہ صرف عقلمندی کی بلکہ تمام لوگوں کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جینوا میں ہونے والے اس معاہدے سے نہ صرف یہ کہ ایران پر عائد پابندیاں نرم ہو جائیں گی بلکہ پاکستان اور ایران کے درمیان خاص طور پرتوانائی کے شعبے میں ترقی اور تعاون کے دروازے کھل جائیں گے۔ اب حکومت کو چاہیے کہ ایران، پاکستان گیس پائپ لائن کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے لئے دوست ممالک کو تیار کرے۔ سابق صدر نے کہا کہ علاقے میں دو پیشرفت انتہائی اہم ہوئی ہیں جن میں سے ایک ایران اور مغرب کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کا معاہدہ اور دوسرا افغانستان کے لویا جرگہ کی جانب سے افغانستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ معاہدہ کی توثیق ایسے دو معاہدے ہیں جو پاکستان کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی امید کرتی ہے کہ حکومت ان پیشرفت پر نظر رکھے گی کیونکہ علاقے میں ہونے والی تبدیلیوں اور خاص طور پر افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاءکے بعد کی صورتحال کو اپنے حق میں کرنے کی ضرورت ہے۔

تعاون

مزید : صفحہ اول