احتساب عدالت نے سابق صدر زرداری کیخلاف 5کرپشن ریفرنس بحال کر دیئے

احتساب عدالت نے سابق صدر زرداری کیخلاف 5کرپشن ریفرنس بحال کر دیئے

اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدرآصف علی زرداری کیخلاف پانچ کرپشن ریفرنسز بحال کردیے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق صدرآصف علی زرداری کیخلاف کرپشن ریفرنسز کی سماعت کی۔عدالت میں پیش نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ آصف زرداری بیرون ملک چلے گئے ہیں جس کے باعث ان کوطلبی کے نوٹس کی تعمیل نہیں ہوسکی۔سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ آصف علی زرداری سیکورٹی خدشات کے باعث آج حاضرنہیں ہوسکے۔ وہ آئندہ سماعت پر حاضر ہوجائیں گے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پران کی حاضری کویقینی بنایا جائے۔ فاضل عدالت نے سابق صدرکیخلاف پانچ نیب ریفرنسزبحال کرتے ہوئے نیب کوہدایت کی کہ ریفرنسز کی کاپیاں سابق صدر کو فراہم کی جائیںتاہم نیب نے استدعا کی کہ کاپیاں فراہم کرنے کیلئے مہلت دی جائے۔ عدالت نے ایک ریفرنس میں استغاثہ کے گواہان کو9دسمبرکوطلب کرلیا ہے۔

احتساب عدالت

مزید : صفحہ اول