دوسرا ون ڈے: شاہینوں نے تاریخ بدل ڈالی،پاکستان جنوبی افریقہ سے سیریز جیت گیا

دوسرا ون ڈے: شاہینوں نے تاریخ بدل ڈالی،پاکستان جنوبی افریقہ سے سیریز جیت گیا
دوسرا ون ڈے: شاہینوں نے تاریخ بدل ڈالی،پاکستان جنوبی افریقہ سے سیریز جیت گیا

  

پورٹ ایلزبتھ(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر ڈالی اور پہلی بار جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز جیت لی۔پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لئے 263کا ٹارگٹ دیا لیکن جنوبی افریقہ کی ٹیم صرف 261 رنز بنا سکی۔ سینٹ جارج کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔بارش کے باعث میچ 45 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 44.5 اوورز میں 262 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 102 رنز بنائے اور ون ڈے کیرئیر میں 1,000 رنز مکمل کئے۔ دیگر بلے بازوں میں ناصر جمشید 2، محمد حفیظ 8، صہیب مقصود42، مصباح الحق 12، عمر اکمل 42، شاہد آفریدی 11، بلاول بھٹی21، انور علی7 اور جنید خان نے 1 سکور بنایا جبکہ سعید اجمل کوئی سکور نہ بنائے بغیرہی پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین اپنے کیرئیر کی بہترین باﺅلنگ کرتے ہوئے 39 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ریان میکلارن اور عمران طاہر نے 1,1 کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور 9 کے مجموعی سکور پر سمتھ آوٹ ہوگئے۔ جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 96 پر گری جب ڈی کاک 47 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ117پر گری ۔ ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ پا کستان یہ میچ جیت جائے گا لیکن اس موقع پر ڈی ویلیرز نے صرف 45 گیندوں پر شاندار 74 رنز بنائےاوراپنی ٹیم کا سکور 227 پر لے گئےاور  میچ پاکستان کے ہاتھ سے چھین لیا لیکن اس موقع پر وہ جنید خان کی گیند پرکیچ آوٹ ہو گئے ۔جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ 254پر گری جب ہاشم آملہ131 گیندوں پر 98 رنز بناکر سعید اجمل کی بال پر کیچ آوٹ ہو گئے۔جنوبی افریقہ کی چھٹی وکٹ 255پر گری۔ آخری اوور میں جنوبی افریقہ کو جیت کے لئے 9 رنز درکار تھے لیکن جنید خان نے شاندار باولنگ کرتے ہوئے صرف 7 رنز دیئےاور اس طرح پاکستان نے میچ ایک رن سے جیت لیا۔ احمد شہزاد کو مین آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3، شاہد آفریدی نے 2اور سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور یہ پہلا موقع ہے کا پاکستان نے جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز جیتی ہے۔

مزید : کھیل /اہم خبریں