امریکی ریاست میں ہنگامہ آرائی جاری مزید 2200نیشنل گارڈ طلب
واشنگٹن (آن لائن) امریکہ کی ریاست مزوری میں جیوری کی جانب سے نوجوان کے قتل میں پولیس اہلکار کو مجرم قرار نہ دینے کے فیصلے کے بعد ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے نیشنل گارڈز کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔منگل کو سیاہ فام نوجوان مائیکل براو¿ن کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے مقدمے میں جیوری نے گولی چلانے والے پولیس اہلکار پر فردِ جرم عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔فیصلے کے بعد فرگوسن کے علاقے میں ہنگامہ آرائی ہوئی ہے اور متعدد عمارتیں نذرِ آتش کر دی گئی ہیں۔امریکی صدر اور مائیکل براو¿ن کے اہلِ خِانہ کی جانب سے پرامن رہنے کی اپیل کی تھی۔مزوری کے گورنر جے نکسن کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے مزید 2200 نیشنل گارڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ فیصلے سے قبل کسی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 700 نیشنل گارڈ کے اہلکار طلب کیے گئے تھے لیکن ہنگامہ آرائی کے بعد حکام نے اب مزید 2200 اہلکار طلب کیے ہیں۔دوسری جانب شکاگو میں امریکی صدر براک اوباما نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کا کوئی جواز نے بنتا اور جو بھی اس میں ملوث ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
