آصف علی زرداری کامولانا سراج احمد دین پوری کی وفات پر تعزیت کا اظہار
اسلام آباد (پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن مولانا سراج احمد دین پوری کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مولانا سراج احمد دین پوری 1990 کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر تھے۔ انہوں نے 80 کی دہائی میں جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کیا تھا۔ 1988 سے لے کر 1990 تک پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران وہ وزارتِ مذہبی امور میں مشیر کے فرائض انجام دیتے رہے۔
سابق صدر نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا سراج احمد دین پوری کی وفات کی خبر سن کر انہیں دکھ پہنچا ہے۔ مولانا دین پوری کو طویل عرصے تک جمہوریت کے چاہنے والوں کی جانب سے یاد رکھا جائے گا۔ آصف علی زرداری نے مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
