نادر آفس ایبٹ روڈ کے باہر گٹرابل پڑے ، مچھروں کی افزائش ، سائل ڈینگی سے خوفزدہ

نادر آفس ایبٹ روڈ کے باہر گٹرابل پڑے ، مچھروں کی افزائش ، سائل ڈینگی سے ...

لاہور(رپورٹ: افضل افتخار)صوبائی دارالحکومت میں نادرا حکام نے غفلت کی انتہا کر دی،شہر میں ڈینگی بخار کیخلاف صوبائی حکومت کی ساری محنت پر نادرا حکام کی غفلت نے پانی پھیر دیا۔تفصیلات کے مطابق ایبٹ روڈ نادر آفس کے باہر ابلتے گٹروں اور آلودگی کے باعث مچھروں اورتعفن نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ۔ دفاتر کے باہر ناقص صفائی اور ڈینگی سکواڈ کے عدم تعاون کے باعث کھڑے پانی میں نہ صرف ڈینگی مچھر چل رہے بلکہ تعفن اور بدبو کے باعث شناختی بنوانے کے لئے آنے والے شہری نہ صرف خوار ہو رہے ہیں بلکہ ڈینگی مچھر کا شکار بھی ہو رہے ہیں۔پاکستان ٹیم نے نادرا آفس کا دورہ کیا تو شناختی کارڈ کیلئے نادرا آفس آئے ہوئے شہری پھٹ پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی سکواڈ کے نام پر کام کرنے اور سرکاری خزانے کھانے والے لوگ رہائشی علاقوں میں تو لوگوں کو تنگ کرتے ہیں لیکن نادرا آفس جو ایک بہت بڑی پبلک جگہ ہے وہاں صحت و صفائی کے ناقص اقدامات کسی کو نظر نہیں آتے۔ شہریوں نے کہا کہ اگر محکمہ صحت اور ڈینگی سکواڈ اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کر رہے تو کم از کم نادرا حکام ہی خوف خدا کر لیں ایک تو شہری سفارش اور رشوت کلچر کے باعث ذلیل و خوار ہوتے ہیں رہی سہی کسر اس بدبو اور تعفن نے نکال دی ہے جس کی وجہ سے ڈینگی مچھرکی دفاتر کے باہر بھرمار ہے۔ شہریوں نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ نادرا دفاتر کے باہر تجاوزات مافیا، پارکنگ کے نام پر لوٹ مار اور دفتر کے اندر ناانصافیاں سہنے والے شہری اب گندگی اور تعفن سے بیماریوں کے منہ میں بھی جا رہے ہیں ۔ فیصل ، عمران ، طارق،ارشد،ثاقب، صائمہ، ثوبیہ،افشاں،نگہت سمیت دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ روڈ نادرا آفس اور اس علاقے کے متعلقہ ڈینگی سکواڈ کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا خیال کرتے ہوئے نادرا آفس کے باہر صحت و صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں جبکہ وفاقی حکومت نادرا آفس کے باہر ابلتے گٹروں اور پھیلتے ڈینگی کا نوٹس لے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1