اوقافکی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے زونل ناظمین کا اجلاس
لاہور(خبر نگار خصوصی)محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے زونل ناظمین اوقاف پنجاب کا اجلاس سیکرٹری اوقاف پنجاب نوازش علی کی زیر صدارت ایوان اوقاف میں ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری اوقا ف پنجاب نے دربار حضرت داتاگنج بخش ؒ کے 973ویں سالانہ عرس مبارک کے بہترین انتظامات پر محترم سینٹر محمد اسحاق ڈار چیئرمین امور مذہیبہ کمیٹی داتاؒ دربار ، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل اوقاف اور ڈاکٹر نور محمداعوان ایڈمنسٹریٹراوقاف داتاؒ د ربار اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں جملہ ڈائریکٹر اوقاف پنجاب ، لیگل ایڈوائزر اور جملہ زونل ناظمین اوقاف پنجاب نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وصولی بقایا جات ، مقدما ت زیر سماعت عدالت ہائے ،وقف اراضیات کی کمپیوٹرائزیشن ،نیلام نہ ہونے والی زرعی اراضیات اور شہری وقف اراضیات کے کمرشلائزیشن کاجائزہ لیا گیا ۔گذشتہ اجلاس میں ناظمین اوقا ف پنجاب کو دیئے گئے وصولی بقایاجات کے اہداف کا جائزہ لیا گیا ۔جن میں سے قلیل عرصہ میں 35%سے زائد وصولی کر لی گئی اور بقایا اہداف رواں ماہ میں وصول کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ سیکرٹری اوقاف نے ناظمین اوقاف پنجاب کو آئندہ ہفتہ کو مقدمات زیر سماعت کے طور پر مناتے ہوئے سول عدالت میں زیر سماعت حکم امتناعی کو بہر صورت خارج کروانے کے لیے پابند کیا۔ وقف اراضیات کی کمپیوٹرائزیشن کے لیے ترمیم شدہ پروفارمہ کے مطابق 29نومبر2016ء (منگل ) تک ریکارڈ فراہم کرنے کے لیے پابند کیا۔ نیلام نہ ہونے زرعی اراضیات کو آئندہ چھ ماہ کے لیے بہر صورت نیلام کیا جائے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرایہ اور پٹہ جات کی وصولی کو جدید بنیادوں پر استوارکرتے ہوئے براہِ راست بنکوں میں جمع کروانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں ۔