حکومت مردم شماری کروا کر آئینی تقاضا پورا کرے،عابد صدیقی
لاہور(پ و)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت مردم شماری کروا کر آئینی تقاضا پورا کرے۔ مردم شماری کا نہ کرانا موجودہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے متعدد بار اصرار کے باوجود وفاقی حکومت لعیت و لعل سے کام لے رہی ہے 2018 کے انتخابات سے پہلے مردم شماری وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اس کی بنیاد پر ہی انتخابی فہرستیں تیار ہونی ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں ٹرن آؤٹ 70 فیصد کرنے کے لئے الیکشن کمیشن جامع حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔ اس کے نتائج خوش آئند اسی صورت میں ہو سکتے ہیں کہ مردم شماری کے بعد اس کی روشنی میں غیر جانبدارانہ حلقہ بندیاں تشکیل دی جائیں اور انہی حلقہ بندیوں کو سامنے رکھ کر ڈیٹا مرتب کیا جائے۔