بھارت نے پانی روکا تو اعلان جنگ سمجھا جائے گا،رفیق تارڑ

بھارت نے پانی روکا تو اعلان جنگ سمجھا جائے گا،رفیق تارڑ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اپنے خبر نگار سے)بھارت نے ہمارے دریاؤں کا پانی روک کر پاکستان کو ریگستان بنانے کی کوشش کی تو پاکستان کی جانب سے اسے اعلان جنگ سمجھا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی نے بھارت کے انتہا پسند ہندوؤں کے نمائندہ وزیراعظم نریندرا مودی کو ہذیانی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے اور وہ پاکستان کے خلاف بڑھک بازی کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کو اُجاڑنے کا خواب دیکھنے کی بجائے بھارتی قیادت اپنے گریبان میں جھانکے جہاں درجنوں علیحدگی پسند تحریکیں روز بروز طاقتور ہو رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں ایک خصوصی اجلاس کے شرکاء نے بھارت کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر مملکت اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محترم محمد رفیق تارڑ نے کی۔ اجلاس میں تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے چیئرمین چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد‘ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد‘ جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان‘ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیف کوآرڈی نیٹر میاں فارو ق الطاف اور سیکرٹری شاہد رشید نے شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکاء نے بھارتی وزیراعظم کے اس بیان کی پر زور مذمت کی جس میں اس نے پاکستان کی طرف بہنے والے دریاؤں کے پانی کی ایک ایک بوند روک کر اسے اجاڑ دینے کی کھلی دھمکی دی ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کی تقسیم کے ’’سندھ طاس معاہدہ‘‘ کا ضامن عالمی بنک ہے اور بھارت اس معاہدے پر یکطرفہ نظرثانی یا اسے منسوخ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔