مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر خطے میں امن نہیں ہو سکتا،قاضی احمد سعید
لاہور(پ ر) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر خطے میں امن نہیں ہو سکتا۔ بھارت ہٹ دھرمی چھوڑ کر کشمیروں پر ظلم و ستم ڈھانا بند کرے۔ خطے میں امن ''مشکوک پس پردہ ڈیل‘‘ کے ذریعے کبھی بحال نہیں ہوگا، اس لیے کھلے ماحول میں مثبت اور بامقصد مذکرات کرنے پڑیں گے۔ جس امن کی ہمیں تلاش ہے، وہ اپنے قومی مقاصد سے انحراف کے راستے پر نہیں ہے۔ ہم اپنے قومی مفاد کو سرنڈر نہیں کرسکتے۔ ایک بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ حکومت طاقتور پوزیشن پر رہتے ہوئے مذکرات کی میز پر مساوی طور پربیٹھے ۔ یہ مقصد کمزوری سے حاصل نہیں ہوگا۔ حکومت اپنی داخلی کمزوری کا اظہار کرنے کی بجائے اتنی تاب و تاب حاصل کرنی اور دکھانی ہو گی۔ جس کے ذریعے ہم کشمیر کے بارے میں اپنے موقف کو واضح کردیں۔ اس وقت بھارت اسے دہشت گردی کے ساتھ گڈ مڈ کرنے اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش میں ہے۔ ہم اس مسئلے سے صرف اس صورت میں ہی نمٹ سکتے ہیں جب بھارت کا غرور توڑا جائے اور وہ بات چیت کے میز پر بیٹھنے کے لیے آمادہ ہو۔ اس کے لیے ہمیں سفارتی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔