انگلینڈ کے بھارت کیخلاف پہلے روز 8 وکٹوں پر 268 رنز

انگلینڈ کے بھارت کیخلاف پہلے روز 8 وکٹوں پر 268 رنز

موہالی(اے پی پی) بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنا لئے۔ جونی بیئرسٹو نے 89 رنز کی اننگز کھیلی، امیش یادیو، جیانت یادیو اور روندرا جدیجا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو موہالی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ایلسٹر کک اور حسیب حمید نے 32 رنز کا آغاز فراہم کیا، حسیب حمید انگلینڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 9 رنز بناکر امیش یادیو کی گیند پر اجنکیا راہانے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 51 کے مجموعی سکور پر جو روٹ 15 اور ایلسٹر کک 27 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ معین علی چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 16 رنز بنانے کے بعد محمد شامی کی گیند پر مرلی وجے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بین سٹوکس 29 رنز بنا سکے انہیں روندرا جدیجا نے آؤٹ کیا، جوز بٹلر نے مجموعی سکور میں 43 رنز کا اضافہ کیا، جونی بیئرسٹو نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کرس ووکس 25 رنز بنا کر امیش یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنا لئے، عادل راشد چار اور گاریتھ بیٹی صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ امیش یادیو، جیانت یادیو اور روندرا جدیجا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی