جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے نئے سپہ سالار ، جنرل زبیر محمود حیات چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی مقرر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، اے این این)جنرل قمر جاوید باجوہ جنرل راحیل شریف کے بعد پاک فوج کے نئے سپہ سالار ہوں گے جبکہ جنرل زبیر حیات کو جنرل کے عہدے پر ترقی دیکر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر کردیاگیا تاہم باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونا باقی ہے۔تفصیلات کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ کا تعلق انفنٹری (بلوچ رجمنٹ) سے ہے، وہ کور کمانڈر راولپنڈی اور آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن بھی رہ چکے ہیں۔ جنرل قمرجاوید باجوہ نے بطور بریگیڈ کمانڈر کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی کمان کی۔یاد رہے کہ جنرل یحییٰ خان، جنرل اسلم بیگ اور جنرل اشفاق پرویز کیانی کا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے تھا۔دوسری طرف نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات اس سے قبل چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پرفائز تھے، وہ ڈی جی سٹریٹجک پلاننگ ڈویژن ،سٹاف ڈیوٹیز ڈائریکٹریٹ کے سربراہ اور جی او سی سیالکوٹ کے عہدے پربھی رہ چکے ہیں۔دوسری طرف وزیراعظم نوازشریف سے نامزد آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمودحیات نے وزیراعظم ہاؤس سے الگ الگ ملاقات کی اور ان پر اعتماد کے اظہار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے نامزد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات کو نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی جبکہ دونوں افسروں نے اعتماد کے اظہار پر وزیراعظم نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔