حج2017ء ، سرکاری سکیم کے عازمین کیلئے مختلف کیٹگریز کے پیکجز رکھنے کی تجویز

حج2017ء ، سرکاری سکیم کے عازمین کیلئے مختلف کیٹگریز کے پیکجز رکھنے کی تجویز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ڈویلپمنٹ سیل)حج2017ء میں بہتر سے بہتر پالیسی بنانے کے لیے وزارت مذہبی امور پاکستان اور حج آرگنائزر ز کمیٹی کی جانب سے منعقد کی جانے والی ورکشاپس کے سلسلے کی تیسری ورکشاپ کراچی حاجی کیمپ میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی سیکرٹری مذہبی امور فرید اسلام خٹک اور وزارت مذہبی امور کے دیگر عہدیداران کے ساتھ ساتھ سرکاری اور پرائیویٹ سکیم کے حجاج کرام کی بڑی تعداد نے شرکت ی ۔سرکاری حج سکیم کے حوالے سے دی جانے والی تجاویز میں مکہ مکرمہ میں کھانے کے انتظامات کو بہتر کرنے ،لمبی لمبی قطاروں میں لگ کر کھانے کے حصول کے طریقہ کار کو بہتر کرنے ،حج اپریشن کرنے والی تمام ائیرلائنز کو کم ازکم40کلو فی حاجی وزن لانے کا پابند کرنے کی تجاویز دی گئیں ،شرکاء نے یہ درخواست کی کہ منیٰ اور عرفات میں سرکاری حجاج کو معلم کی صوابدید پر نہ چھوڑا جائے بلکہ ان کے ساتھ گائیڈ رکھے جائیں تا کہ حجاج تک معلومات کی بر وقت فراہمی ہو سکے اور حجاج کرام کے گم ہونے کی شکایات میں کمی آئے ،شرکاء نے یہ تجویز بھی رکھی کہ ماضی کی طرح آئندہ بھی 800,500اور1200میٹر پر رہائش والے پیکجز متعارت کرائے جائیں تا کہ حجاج اپنی استطاعت کے مطابق پیکج کا انتخاب کر سکیں اور ایام حج کے دوران مونو ٹرین سسٹم پر بے پناہ رش اور دھکم پیل کی وجہ سے حجاج کرام کے لیے باعث تکلیف اور دشوار ہوتا ہے لہذا اس کو ختم کیا جائے ،ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بیشتر شرکاء نے اس بات کی درخواست کی کہ جدہ سے مکہ مکرمہ،مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ،مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ اور مکہ مکرمہ سے واپس جدہ ائیرپورٹ کے سفر کے لیے دی جانے والی بسوں کے معیارکو بہتر کیا جائے اور کم ازکم 2013ء ماڈل کی بسوں پر لایا جائے تا کہ حجاج کرام کو آرام دہ سفر مل سکے اور ائیر کنڈیشن کی مشکلات اور بسوں کے خراب ہو جانے والے واقعات میں کمی لائی جا سکے ،اسی طرح پرائیویٹ حج سکیم کے بارے میں دی جانے والی تجاویز میں حج2016ء کے دوران جن کمپنیز کے خلاف کسی قسم کی شکایات نہیں ہیں ان کو حج2017ء کے کوٹہ کے لیے ابھی سے رجسٹرڈ کرنے کی تجویز سامنے آئے تا کہ حج آرگنائزر کو وقت مل سکے کہ وہ بہتر سے بہتر رہائشوں کا کم سے کم قیمت میں انتخاب کر سکیں اور سعودی عرب کی جانب سے اضافی کوٹہ حاصل ہونے کی صورت میں 50کا کوٹہ والی کمپنیز کو کوٹہ100کر دیا جائے اور گزشتہ3سالوں سے پرائیویٹ سکیم کے کوٹہ میں کی جانے والی 20فیصد کٹوتی کو ختم کیا جائے،ہوپ کے نمائندہ محمد ندیم شریف نے تمام حجاج کرام اور عہدیداران سے ان کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے کامیاب حج اپریشن کو مد نظر رکھتے ہوئے حج آرگنائزر کو 5سال کے لیے رجسٹرڈ کیا جائے تا کہ وہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مستقل اور بہتر ریٹ پر رہائشیں حاصل کر کے حجاج کرام کو مزید بہتر اور مناسب قیمت پر سہولیات فراہم کر سکیں،ورکشاپ کے اختتام پر ڈپٹی سیکرٹری مذہبی امور فرید اسلام خٹک نے تمام تجاویز کو بغور سننے کے بعد کہا کہ چند روز قبل لاہور اور کوئٹہ میں ہونے والی ورکشاپس کی طرح یہ ورکشاپ بھی حج2017ء کی پالیسی کو بہتر بنانے کے لیے مشاورت کرنے اور تجاویز اکٹھا کرنے کے لیے کی گئی ہے اور آئندہ کچھ دنوں میں اسلام آباد اور پشاور میں بھی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا اور حاصل ہونے والی تمام تجاویز کی روشنی میں انشاء اللہ پہلے سے مزید بہتر حج پالیسی مرتب کی جائے گی۔
حج ورکشاپ

مزید :

صفحہ آخر -