’’مودی کے یار‘‘ بھارت کی دھمکیوں کا جواب نہیں دیں گے، قمر زمان کائرہ

’’مودی کے یار‘‘ بھارت کی دھمکیوں کا جواب نہیں دیں گے، قمر زمان کائرہ

لاہور،مریدکے ( خبر نگا ر خصو صی،نامہ نگار) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ مودی کے یار دھمکیوں کا جواب نہیں دیں گے۔ مودی سن لو تم پانی کا قطرہ قطرہ کیسے بند کرسکتے ہو ہم تمہارا اناطقہ بند کردیں گے۔ پنجاب ڈرامے بازوں کا نہیں شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہدرہ میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب میں کیا۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ جیالے اپنے اقئد کا پیغام قریہ قریہ کوچہ کوچہ پھیلائیں۔ ہماری جدوجہد دہشت گردی، اقربا پروری کرپشن کے خلاف جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ30نومبر کو پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس بلاول ہاؤس میں منایا جائے گا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس کے دروازے جیالوں کے لئے کھلے رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ لہٰذا تمام جیالے جوق درجوق یوم تاسیس میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج نریندر پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے سن لو مودی مسلم لیگ(ن) والے کچھ نہیں کرسکتے یہ تمہار یار ہونگے لیکن اس پر ہم چپ نہیں رہیں گے اور منہ توڑ جواب دیں گے، علاوہ ازیں جی ٹی روڈ پر سابق امیدوار صوبائی اسمبلی چودھری عثمان نثار پنوں اور ثمر عباس شاہ کی طرف سے شاندار استقبالی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے صدر قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے اپوزیشن جماعتیں ہماری تقلیدکریں گی اور ہم مثبت سوچ کے ساتھ حکومت کو ملکی امور چلانے پر مجبور کریں گے۔ پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں پیپلز پارٹی اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گی اور عوام شہید بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن آگے بڑھتا دیکھیں گے۔ صوبائی صدر نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی پنجاب سے نمائیاں کامیابی حاصل کرکے مرکز میں بھی حکومت بنائے گی جبکہ ضلع شیخوپورہ کو دوبارہ پیپلز پارٹی کا لاڑکانہ بنادیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کارکن ہمارا سرمایہ ہیں اور ہم اپنے کارکنوں کے ذریعے شہید بھٹو کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے اور نوجوان نسل کو بھٹو کے آئیڈیاز سے روشناس کروا کر ملک کو وڈیروں ، جاگیر داروں اور سیاسی صنعتکاروں سے نجات دلائیں گے۔ قمر الزمان کائرہ نے مزید کہا کہ پارٹی چیئر مین بلاو ل بھٹو زرداری عنقریب پنجاب کے دورے کریں گے اور ناراض کارکنوں کو منا کر انہیں دوبارہ عوام سے رابطہ پر راضی کیا جائے گا۔ ان کے ہمراہ سابق صوبائی وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ، لیبر ونگ کے صدر چودھری منظور ،سابق ایم پی اے نصیر احمد، محمد عبد اللہ بٹ، ریاض علی قریشی،رانا ذو الفقار علی، رانا محبوب، ناصر بھٹی، حاجی اعجاز احمد، چاچا گڈو شیخ، محمد عذیر، غفور مغل، اشرف شاہ، علی حسنین، حسنین عارف سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد استقبالی جلوس میں شامل تھی۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...