قانون آج طاقتور کے سامنے باندھی بنا ہوا ہے،ایس ایم ظفر

قانون آج طاقتور کے سامنے باندھی بنا ہوا ہے،ایس ایم ظفر

لاہور(نامہ نگارخصوصی)ضلعی عدلیہ کے زیر اہتمام جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف آئینی ماہر ایس ایم ظفر کا کہنا ہے کہ آج کرپشن ملک پر چھائی ہوئی ہے اور قانون طاقتور کے سامنے باندھی بنا ہوا ہے ، ہر دوسرا آدمی قانون کی حکمرانی کی بات کرتا ہے ، گفتار کے غازیوں نے کبھی کچھ کیا ہے؟ ہمیں کردار کے غازی بننا ہو گا، 10وکلا ء اکٹھے کمرہ عدالت میں چلے جاتے ہیں اور اپنی مرضی کا فیصلہ لے کر آتے ہیں جو اس قسم کا کام کرتے ہیں وہ اس پروفیشن کو بدنام کر رہے ہیں۔ڈسٹرکٹ جوڈیشری لاہور کی جانب سے ’’ قانون کی حکمرانی‘‘ کے عنوان سے منعقد کی جانے والی جوڈیشل کانفرنس کے ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر فوج ملکی سرحدوں کی محافظ ہے تو ججز قانون کے محافظ ہیں، قانون کی حکمرانی تو ابتداء ہی سے چلی آ رہی ہے مگر قانون کی حکمرانی ایک چیز ہے اور قانون کے ذریعے حکمرانی علیحدہ چیز ہے، ہمارے معاشرے میں ہر دوسرا شخص قانون کی حکمرانی کی بات کرتا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ ہمارے معاشرے، اداروں غرضیکہ کسی بھی جگہ قانون کی حکمرانی نہیں ہے، قانون کی حکمرانی کے لئے ہر سطح پر برابری ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں کچھ تو ہے جو قانون کی حکمرانی کو دھندلا کر رہے ہیں جسے انہوں نے ’’ بلیک ہول‘‘ کا نام دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن ملک میں سب سے بڑا بلیک ہول ہے جس نے ملک کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔

مزید : صفحہ آخر