گوادر، تیل تلاش کرنے والی کمپنی کی گاڑی پر فائرنگ، 2سیکیورٹی گارڈ جاں بحق
گوادر (اے این این)صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں تیل تلاش کرنے والی ایک کمپنی کی گاڑی پر مسلح افراد کی فائرنگ ٗ2 سیکیورٹی گارڈز جاں بحق ہوگئے ٗ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ٗ لیویز اور پولیس اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلئے ٗ تحقیقات شروع ۔ سینئر ایڈمنسٹریشن آفیسر منصور گچکی نے صحافیوں کو بتایا کہ مسلح افراد نے ایک نجی آئل کمپنی کی گاڑی پر گوادر کی تحصیل پسنی میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کمپنی کے 2 سیکیورٹی گارڈز موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔مذکورہ نجی کمپنی پر اس وقت حملہ ہوا جب اس کے عہدیدار اس علاقے میں سروے میں مصروف تھے۔منصور گچکی نے بتایا کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واقعے کے بعد لیویز اور پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔منصور گچکی نے بتایا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا ایک واقعہ لگتا ہے، تاہم فوری طور پر کسی گروپ کی جانب سے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔گوادر میں فائرنگ کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حال ہی میں پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت گوادر پورٹ سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔ان سرگرمیوں کے تحت 29 اکتوبر کو چین کے شہر کاشغر سے روانہ ہونے والا 100 سے زائد مال بردار ٹرکس کا قافلہ 30 اکتوبر کو پاکستان میں داخل ہوا اور سوست ڈرائی پورٹ پہنچا تھا جس کے بعد 11 نومبر کو یہ قافلہ گوادر پہنچا، جہاں سے پھر یہ اپنی منزل مقصود کی جانب روانہ ہوا۔واضح رہے کہ بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں فورسز اور حکومت کے حامی سیاستدانوں کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں سیکڑوں لیویز، ایف سی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔