بہتر نتائج کیلئے بلدیاتی اداروں کو مکمل اختیار دیں گے :وزیر اعلیٰ سندھ

بہتر نتائج کیلئے بلدیاتی اداروں کو مکمل اختیار دیں گے :وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا بلدیاتی نظام لڑاؤ اور حکمرانی کرو کے اصولوں پر مبنی تھا ۔صوبے میں بلدیاتی داروں کا نظام سندھ اسمبلی سے قانون سازی کے بعد لایا گیا ہے ۔ہم بلدیاتی اداروں کو مکمل اختیار دیں گے ۔اگر وہ اچھا کام کریں گے تو ان کو بلینک چیک دوں گا لیکن مجھے نتائج چاہئیں ۔میری ساری توجہ ترقیاتی کاموں پر ہے، شہر کے تمام بڑے مسائل کے حل کے لئے کام کر رہا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بلدیاتی اداروں سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پیسے جاری کرنا پبلک اکانٹس کمیٹی کا کام ہے، میرا نہیں۔ ہمارے پاس جو وسائل ہیں اس پر کام کرنا ہے۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ ہر یو سی کو فنڈز فراہم کریں۔آصف زرداری نے اپنے اختیارات سے دستبردار ہو کر صوبوں کو طاقتور بنایا۔ میں خود حیدرآباد میں پڑھا ہوں، مجھے پورا سندھ عزیز ہے۔ ہم سب نے مل کر اسے تباہ کیا ہے، یہ ہم سب کا قصور ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم صوبے کی خدمت کرنے کے لیے آئے ہیں، میری ساری توجہ ترقیاتی کاموں پر ہے۔ شہر کے تمام بڑے مسائل کے حل کیلئے کام کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پرویز مشرف کا بلدیاتی نظام لڑاؤ اور حکمرانی کرو پر مبنی تھا ۔یہ ایک انتہائی ناقص نظا م تھا جو ڈکٹیٹر نے اداروں کو آپس میں لڑانے کے لیے بنایا تھا ۔ڈکٹیٹر کبھی بھی بہتری نہیں چاہتے ان کا کام اداروں کو لڑانا ہوتا ہے ۔صوبے میں موجود بلدیاتی نظام سند ھ اسمبلی میں قانون سازی کے بعد لایا گیا ہے ۔دوسرے محکموں کی نسبت میرا سب سے زیادہ رابطہ وزیر بلدیات سے رہتا ہے ۔وزیر بلدیات اور میں ایک پیج پر ہیں۔ہم بلدیاتی اداروں کو مکمل طور پر اختیار دیں گے۔بلدیاتی ادارے اچھا کام کریں گے تو بلینک چیک دے دوں گا لیکن مجھے نے نتائج چاہئیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی مالیاتی کمیشن تشکیل دے دیا ہے اب مسائل تیزی کے ساتھ حل ہوں گے ۔ابھی ایڈہاک بنیادوں پر رقم جاری کی جارہی ہے ۔میں اپنے اختیارات سے تجاو ز نہیں کرسکتا ہوں ۔ سمینار میں سوال جواب کے دوران میونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشنز کے چئیرمین اختیارات میں کمی سے متعلق پھٹ پڑے اور متعدد مطالبات کیے اور اختیارات میں کمی کا رونا بھی روتے رہے۔تقریب کے پہلے سیشن کی صدارت وزیر بلدیات جام خان شورو نے کی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوکل گورنمنٹ کو درپیش چیلنجز سے آگاہ ہیں۔ بلدیاتی حکومتوں کو مختلف مسائل درپیش ہیں۔ لوکل گورنمنٹ کو سیاستدانوں کی نرسری کہا جاتا ہے۔ بلدیاتی حکومتوں کا مقصد عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول