جنوبی پنجاب پر مشتمل علیحدہ صوبہ ورنہ تحریک چلائیں گے ‘ عظیم الحق ‘ ملک ایوب

جنوبی پنجاب پر مشتمل علیحدہ صوبہ ورنہ تحریک چلائیں گے ‘ عظیم الحق ‘ ملک ایوب

ملتان (خبر نگار خصوصی ) صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان عظیم الحق پیرزادہ اور صدر اخبار فروش یونین ملتان ملک محمد ایوب نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر جنوبی پنجاب میں علیحدہ صوبہ قائم کیا جائے بصورت دیگر جنوبی پنجاب میں علیحدہ صوبہ کے حصول کیلئے تحریک چلائی (بقیہ نمبر12صفحہ7پر )

جائیگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملتان کے اخبار فروش جنوبی پنجاب میں الگ صوبہ کی جدوجہد میں برابر کے شریک ہونگے ‘ کیونکہ تخت لاہور نے کئی دہائیوں سے اس خطے کے لوگوں کے حقوق غصب کر نے اور استحصال کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ اخبار فروش لوئر کلاس طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اس لیے حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ صحافی کالونی کی طرز پر اخبار فروشوں کیلئے بھی ایک کالونی دی جائے ۔ جبکہ انہیں کسٹم فری ڈیوٹی موٹر سائیکل دینے کا بندوبست کیا جائے‘ سرکاری کالجوں و سکولوں میں اخبار فروش کے بچوں کیلئے کوٹہ مختص کیا جائے اور سرکاری محکموں میں نوکریوں میں بھی کوٹہ مختص کیا جائے ۔ سابق حکومت کی جانب سے دی جانیوالی نامکمل اخبار مارکیٹ کو مکمل کرانے کا بندوبست کیا جائے اور ایکسیڈنٹ یا ناگہانی موت کی صورت میں اخبار فروش کے بچوں کیلئے فوری و مستقل امداد کا بندوبست کیا جائے ۔ صدر اخبار فروش یونین محمد ایوب نے مزید کہا کہ اس خطے کے لوگوں کے حقوق غصب کیے جا رہے ہیں اور حقوق کی حق تلفی یہاں کے لوگوں کی اب برداشت سے باہر ہو چکی ہے ۔ ان حالات میں جنوبی پنجاب کے اس خطہ کیلئے علیحدہ صوبہ اور علیحدہ ہائیکورٹ کا قیام ناگزیر ہوگیا ہے ۔ اس خطہ کی عوام نے طے کرلیا ہے کہ اگر اس کیلئے تحریک چلانا پڑی تو اس کیلئے تحریک چلائی جائیگی ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار محمد عمران خان خاکوانی ‘ فنانس سیکرٹری سید طاہر منصور بخاری جبکہ اخبار فروش یونین کے جنرل سیکرٹری رانا حسن بخش نون ‘ آل پاکستان اخبار فروش صدر یونین ملک حاجی محمد شہزاد ‘ سیکرٹری نشر اشاعت نوید بلوچ ‘ فنانس سیکرٹری خدا بخش جاوید ‘ مولانا ظفر علی خان ‘ سید نذر حسین شاہ ‘ حاجی بشیر اترا ‘ ملک مسعود الحسن مٹھو ‘ ملک اشفاق حسین ‘ رانا سلیم ‘ ملک جاوید ‘ عاشق شاہ ‘ رانا محبوب ‘ محمد ظفر اظہر ‘ جاوید و دیگر موجود تھے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر