ایم کیو ایم کوکالعدم قرار دیکر پابندی لگائی جائے،ڈاکٹر قادر مگسی

ایم کیو ایم کوکالعدم قرار دیکر پابندی لگائی جائے،ڈاکٹر قادر مگسی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کوکالعدم قرار دیکر اس پر پابندی لگائی جائے، الطاف حسین ہوں یا ڈاکٹر فاروق ستار ، سید مصطفی کمال تمام لوگ ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں، الطاف اور زرداری نے طے کر رکھا ہے کہ سندھ کو تقسیم کرنا ہے،الطاف بابائے مہاجر بننا چاہتے ہیں اور زرداری بابائے سندھ ، موجو دہ وزیر اعلی مراد علی شاہ اور سابق وزیر اعلی سید قائم علی شاہ میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سابق صدر جنرل مشرف نے جس گورنر کو لاکر بیٹھایا تھا میں نے اس کے بارے میں اس وقت ہی کہہ دیا تھا کہ یہ اشتہاری مجرم ہے آج اس ہی کے ساتھیوں نے یہ بات کہی ہے کہ وہ مجر م ہے لیکن اسے چودہ برس بیٹھاکر باعزت طریقے سے ملک سے باہر جانے دیا گیا جبکہ ہوتا یہ چاہئے تھاکہ اس پر جو الزامات تھے اور جس کی بنیاد پر اسے گورنر کے عہدے سے ہٹایا گیا ان کی بنیاد پر اسے عدالت میں لایا جاتا۔،انھوں نے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ الطاف کو تو غدار قرار دیا جائے لیکن اس کے بینر تلے کام کرنے والے لوگوں غدار نہ کہا جائے،کراچی کے موجودہ میئر وسیم اختر کو الطاف سے کیسے علیحدہ کیا جاسکتا ہے ،اس لئے حکومت بلدیاتی انتخابات کو کلعدم قرار دے بلدیاتی حکومتوں کو ختم کردے وسیم اختر اور ان کے ساتھیوں کو چاہئے کہ وہ دوبارہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیکر اور اپنا مینڈیٹ لیکر آئیںیہ ان کا اپنا مینڈیٹ کہلائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے تو یہ بات شروع سے کہی تھی کہ الطاف حسین ملک توڑنا چاہتا ہے اور یہ ملک دشمن ہے آج یہ بات صحیح ہوگئی ان گھروں سے اینٹی ائر کرافٹ اور اینٹی ٹینک گنیں برآمد ہور ہی ہیں۔یہ لوگ دراصل مہاجر صوبہ نہیں مہاجر دیش بنانا چاہتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ پتہ نہیں ایم کیو ایم اور الطاف حسین نے اسٹیبلشمنٹ کو کیا گھول کر پلایا ہے ،یا ایم کیو ایم والے ڈرامہ کرتے رہے ہیں اور اسٹیبلشمنٹ کو معلوم ہے کہ یہ ہمارے لوگ ہیں پتہ نہیں کیا کھیل ہورہا ہے۔ایم کیو ایم لندن کے رہنما کنور خالد یونس ایک ماہ جیل میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا۔قادر مگسی نے کہا کہ والے طالبان اور بلوچستان کے دھشت گردوں کو تو کالعدم قرار دے دیا گیا پھر ایم کیو ایم کو کیوں کالعد م قرار نہیں دیا جاسکتا۔

مزید : کراچی صفحہ آخر