پاکستانی فرنیچر دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان
لاہور (کامرس رپورٹر)معروف ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تیار کی جانے والی فرنیچر مصنوعات عالمی مارکیٹ میں پذیرائی حاصل کرسکتی ہیں کیونکہ اپنے جدید ڈیزائن اورمعیار کے باعث ان کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فرنیچرکی برآمدات کے فروغ کیلئے اسے مکمل صنعت کا درجہ دیا جائے۔ انہوں نے کاروباری برادری پر بھی زوردیا کہ وہ مقامی سطح پر صنعت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں وسائل کی فراوانی ہے اور ہمارے ہنر مند ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے حوالے سے بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ گزشتہ روزایکسپو سنٹر لاہور میں چھٹی تین روزہ انٹیریئر پاکستان نمائش کے دورہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت کو کاروباری برادری کو مراعات دینی چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی صنعت کے فروغ کیلئے نوجوانوں کی جانب سے منفرد ڈیزائن متعارف کروانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس سے فرنیچر کی صنعت اور برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا۔
ڈاکٹرعبدالقدیرخان