افغانستان میں شدید سردی اور برفباری سے مزید 5افراد ہلاک ،ہلاکتوں کی تعداد 25ہوگئی

افغانستان میں شدید سردی اور برفباری سے مزید 5افراد ہلاک ،ہلاکتوں کی تعداد ...
افغانستان میں شدید سردی اور برفباری سے مزید 5افراد ہلاک ،ہلاکتوں کی تعداد 25ہوگئی

  

کابل(آئی این پی)افغانستان کے شمالی علاقے میں شدید سردی اور برفباری کی وجہ سے مزید 5افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 25ہوگئی ،ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے ۔

افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ جوزجان کے نائب قائمقام گورنر عبدالرحمان محمودی نے بتایا ہے کہ ضلع درزاب میں شدید سردی کے باعث 5بزرگ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔گزشتہ ہفتے بھی اسی ضلع میں شدید سردی کے باعث20افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے ۔درزاب کے ضلعی گورنر رحمت اللہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے تمام افراد عام شہری تھے جنہوں نے قرب جوار کے ان علاقوں سے نقل مکانی کی جہاں لڑائی کی وجہ سے امن امان کی صورت حال خراب ہے۔

رحمت اللہ اور دیگر مقامی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تقریبا 100 خاندان ایسے ہیں جو دوردراز کے پہاڑی علاقوں میں مساجد اور کھلے آسمان تلے نہایت ہی مشکل حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اس صورت حال میں ان کو طبی سہولتیں بھی میسر نہیں ہیں۔درزاب کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کا صوبائی دارالحکومت شبرگان سے زمینی راستہ طالبان نے کاٹ دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس انتظار میں ہیں کہ موسم کی صورت حال بہتر ہو تاکہ وہ فضائی ذریعے سے یہاں امداد پہنچا سکیں۔

مزید : بین الاقوامی