پنجاب میں سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم

پنجاب میں سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف بڑے پیمانے ...
پنجاب میں سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم

لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران پنجاب میں سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اورعوام کے جان ومال تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو امن عامہ کی فضا یقینی بنانے کے لئے فعال اور متحرک انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ پولیس کو عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب پولیس فورس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے فرض کی ادائیگی موثرانداز سے کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں۔ جرائم کا خاتمہ، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور پولیس فورس کو اس ضمن میں تندہی اور جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے کی ضرورت ہے ۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ سماج دشمن عناصر ،جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس ضمن میں پولیس کے اعلیٰ حکام فہرستیں مرتب کرکے فی الفور قانونی اقدامات اٹھائیں کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ایسے عناصر کی آہنی ہاتھوں سے سرکوبی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام کے جان ومال کے تحفظ کے حوالے سے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہو گا ۔ میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا اور تمام اقدامات کی ذاتی طور پرنگرانی کروں گا۔

اجلاس کے دوران پولیس حکام نے لاہور میں ہونے والے جرائم کے بعض واقعات خصوصاً ملت پارک ڈکیتی قتل کیس اور گارڈن ٹاؤن میں ٹریفک سگنل پر گاڑی کو لوٹنے کے واقعات کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ سی سی پی او نے وزیراعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کیسوں پر پیش رفت ہو رہی ہے اور ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ، ایم پی اے جہانگیر خانزادہ ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ اور اعلی پولیس حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید : جرم و انصاف

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...