ایشز سیریز ، کینگروز گتح کے قریب پہنچ گئے ، جیت کیلئے 56رنز اور تمام وکٹیں باقی

ایشز سیریز ، کینگروز گتح کے قریب پہنچ گئے ، جیت کیلئے 56رنز اور تمام وکٹیں ...

برسبین(آئی این پی)ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کینگروز فتح کے قریب پہنچ گئے ،آسٹریلوی کر کٹ ٹیم نے 170رنز ہدف کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے 114رنز بنالئے ہیں اور پہلا ٹیسٹ جیتنے کیلئے مزید56رنز درکار ہیں، جبکہ اسکی 10وکٹیں ابھی باقی ہیں، اوپنرز ڈیوڈ وارنر 60اور بین کرافٹ 51رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔قبل ازیں انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف195رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی،آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں مچل سٹارک، ہیزل ووڈ اور ناتھن لیوئن نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اتوار کو برسبین کے گابا کر کٹ سٹیڈیم میں جاری ایشز سیریز کے پہلا ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 33رنز 2 کھلاڑی آوٹ پراپنی اننگز آگے بڑھائی تو انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں آسٹریلوی بولرز کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کر سکی اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، جو روٹ اور معین علی نے محتاط انداز سے بیٹنگ اور اسکور 113رنز تک پہنچادیا، جو روٹ 51رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ معین علی 40رنز بناکر لایون کا شکاربنے۔ ووکس 17رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوگئے۔بیرسٹو، براڈ اور جیک بال اسکور میں صرف 10رنز کے اضافے پر پویلین لوٹے اور مہمان ٹیم دوسری اننگز میں صرف 195رنز پربناسکی۔یوں پہلی اننگز میں 15رنز کی برتری کے سبب آسٹریلیا کو جیت کے لئے 170رنز کا ہدف ملا۔آسٹریلیا کی طرف سے اسٹارک، ہیزل ووڈ اور لایون نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں دوسری اننگزمیں آسٹریلیا کے اوپنرز بین کرافٹ اور ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 114رنز بناکر ٹیم کو فتح کے انتہائی قریب کردیا، جب چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا کو جیت کے لئے 56رنز کی ضرورت تھی اور اس کی10 وکٹیں باقی تھیں۔ وارنر60اور بین کرافٹ 51رنز بناکر ناٹ آوٹ ہیں۔انگلینڈ کی ٹیم گذشتہ ایشزیز سیریز کی فاتح رہی تھی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی