ونٹر پولو کپ 2017ء ہنڈا چناب نے جیت لیا

ونٹر پولو کپ 2017ء ہنڈا چناب نے جیت لیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ونٹر پولو کپ 2017ء ہنڈا چناب نے جیت لیا، فائنل میں زبردست مقابلے کے بعد ارٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کو 12-10 سے شکست ، ادھر سب سڈری فائنل میں داؤد گروپ نے نیوایج کو 10-3 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ونٹر پولو کپ دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی، اس موقع پر مہمان خصوصی لاہور پولو کلب کے سابق صدر عبدالحئی مہتہ ،ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر عمر صادق، سیکرٹری کرنل (ر) شعیب آفتاب، ممبرزاور لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ فائنل بہت ہی زبردست ہوا اور فائنل میں گولوں کی بارش ہوئی۔ دونوں ٹیموں کی طرف سے شاندار کھیل پیش کیا۔ ہنڈا چناب کی طرف سے پہلے چکر میں چار جبکہ بلیک ہارس پینٹس کی طرف سے ایک گول سکور کیا گیا۔ دوسرے چکر میں بھی دونوں ٹیموں نے چھ گول سکور کیے ، تیسرے چکر سے ہنڈا چناب نے اپنی برتری بڑھائی ۔ چوتھے چکر میں ارٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کی طرف سے حمزہ مواز بہت خوبصورت کھیل پیش کیا مگر اپنی ٹیم کو میچ نہ جتوا سکے۔ اس طرح ہنڈا چناب نے فائنل میں 12-10 سے جیت لیا۔ ہنڈا چناب کی طرف سے بلال حئی نے خوبصورت کھیل پیش کیا اور آٹھ زبردست گول سکور کیے۔

جبکہ احمد علی ٹوانہ اور غلام مصطفی منوں نے دو دو گول سکور کیے۔ہارنے والی ارٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کی طرف سے حمزہ مواز خان نے چھ ، ابوبکر صدیق اور احمد بلال ریاض نے ایک ایک گول سکور کیا۔ جبکہ دو گول ان کو ہینڈی کیپ ایڈوٹینج تھا۔ ادھر سب سڈری فائنل میں داؤد گروپ نے نیوایج کو 10-3 سے ہرا دیا۔داؤد گروپ کی طرف سے راجہ ارسلان نجیب نے 5، عبداللہ داؤد نے تین،عمر اسجد ملہی اور ممتاز عباس نیازی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ہارنے والی نیوایج کی ٹیم کی طرف سے المان جلیل اعظم نے دو جبکہ شاہ شمیل عالم نے ایک گول سکور کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی