جاپان اور روس دو طرفہ تعاون بڑھانے پر متفق
ماسکو (اے پی پی) جاپان اور روس نے دو طرفہ اقتصادی تعلقات مضبوط کرنے اور افراد کے تبادلے میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان کے وزیر خارجہ تارو کونو اور روس کے اول نائب وزیر اعظم ایگور شوالوف نے ماسکو میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کی کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ یہ کمیٹی 1994ء میں اْس وقت قائم کی گئی تھی جب جاپان کی طرف سے روسی مشرق بعید میں توانائی کے وسائل اور بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے سمیت 4 شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔
روس نے تعاون میں اضافے کی تجاویز پر اتفاق کیا۔فریقین نے افراد کے تبادلے میں اضافے پر بھی اتفاق کیا۔ یہ اتفاق رائے 2018ء میں جاپان میں روس کا سال اور روس میں جاپان کا سال منانے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔قبل ازیں تاروکونو نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے روسی زیر تسلط جزائر پر مشترکہ اقتصادی سرگرمیوں کے لیے عملی سطح کی بات چیت میں تیزی لانے پر اتفاق کیا۔ جاپان مذکورہ جزائر کی ملکیت کا دعویدار ہے۔