نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے 2.66ارب ڈالر کازرمبادلہ حاصل

نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے 2.66ارب ڈالر کازرمبادلہ حاصل

 اسلام آباد (اے پی پی) رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں میں ملک میں نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 13 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے لیکر اکتوبر تک کے عرصہ کے دوران ملک میں نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 13.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصہ میں برآمدات سے 2.66 ارب ڈالر کا زر مبادلہ کمایا گیا جبکہ گزشتہ سال نان ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 4 ماہ کے دوران ملک کو 2.34 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 80.4 فیصد تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ سال اس عرصہ میں پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق کارپٹ اور رگز کی برآمدات میں اگرچہ کمی ہوئی ہے تاہم کھیلوں کی اشیاء کی برآمدات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ فٹ بال کی برآمدات میں تقریباً 7.68 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس طرح لیدر مصنوعات کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سرجیکل مصنوعات اور طبی آلات کی برآمدات میں 12.8 فیصد اور انجینئرنگ اشیاء کی برآمدات میں 18.47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مزید : کامرس