9ویں انٹیریئر پاکستان نمائش کا افتتاح 15دسمبر کو گورنر پنجاب کرینگے

9ویں انٹیریئر پاکستان نمائش کا افتتاح 15دسمبر کو گورنر پنجاب کرینگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (اے پی پی) گورنر پنجاب رفیق احمد رجوانہ 9ویں انٹیرئیر پاکستان 2017ء نمائش کا افتتاح 15دسمبر کو ایکسپو سینٹر لاہور میں کریں گے۔ یہ بات پاکستان فرنیچر کونسل )پی ایف سی (کی طرف سے اتوار کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔ پی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کونسل کے صدر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس نمائش سے پاکستان اور پاکستان سے باہر پاکستانی فرنیچر، انٹیرئیرز اور دیگر آرائشی سامان کو متعارف کرانے اور اس کی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے پاکستانی فرنیچر کو دنیا کے دیگر ممالک میں متعارف کرانے اور اس کی برآمدات میں اضافہ کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں اور یہ نمائش ان کوششوں کو مزید تقویت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس میگا فرنیچر نمائش کا بنیادی مقصد پاکستانی فرنیچر کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ نمائش میں شرکت کیلئے چین، ا ٹلی، برطانیہ ، ترکی، ہانگ کانگ، بلغاریہ، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک سے وفود کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ متعدد سفارتکار، معروف تاجر، شعبہ سے وابستہ ماہرین و سٹیک ہولڈرز اور غیر ملکی وفود بھی نمائش میں شریک ہوں گے۔ نمائش میں 100 سے زائد برانڈز کی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ ماسٹر فوم نمائش کی آفیشل سپانسر ہو گی جبکہ نمائش میں 70 سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ گذشتہ نمائشوں کو دیکھتے ہوئے اس نمائش میں اڑھائی لاکھ سے لے کر تین لاکھ تک صارفین کی شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر مختلف مصنوعات پر 20 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ نمائش سے نوجوان ڈیزائنرز اور آرکیٹیکچرز کو مارکیٹ رجحانات کے بارے میں نئی معلومات بھی میسر ہوں گی اور وہ اپنے کیرئیر کی استعداد میں اضافہ کے قابل ہو سکیں گے۔ انہوں نے حکومت سے فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، پشاور، کوئٹہ اور خصوصی طور پر لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں فرنیچر کی صنعت کیلئے ایکسپو مراکز کے قیام کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس وقت صرف 25 فیصد صنعتکار اور تاجر کراچی میں ہونے والی نمائشوں میں شرکت کیلئے جاتے ہیں ۔ نئے مراکز کے قیام سے ان کی شرکت میں اضافہ ہو گا۔ قبل ازیں سیکرٹری پی ایف سی نے گذشتہ 8 نمائشوں کے کامیاب انعقاد کے بارے میں حاضرین کو بریفنگ دی اور کہا کہ ان نمائشوں میں صارفین نے بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا تھا۔

مزید :

کامرس -