کینال کے کشادہ ہوتے ہی،جوڑا پل روڈ پر غیر قانونی شادی ہال تعمیر

کینال کے کشادہ ہوتے ہی،جوڑا پل روڈ پر غیر قانونی شادی ہال تعمیر

لاہور(جاوید اقبال)عزیز بھٹی زون نے کینال روڈ کشادہ ہوتے ہی لاہور کینال اور جوڑا پل روڈ پر رہائشی علاقوں میں 104 شادی ہال تعمیر کروا دیے ہیں جن کی تعمیر بلنگ بائی لاز کے برعکس ہے اکثریت کے نقشے ہی پاس نہیں کیے گئے۔زون کی انتظامیہ نے ایسا کر کے کمرشلائزیشن اور نقشہ جات کی فیس میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگایا ۔قابل ذکر بات ہے کہ زیادہ تر رہائشی گھروں کو ہی شادی گھروں کا درجہ دلایا گیا جس سے اس علاقے میں بلڈنگ بائی لاز کا زون انتظامیہ نے جنازہ نکال دیا ہے۔64 شادی ہال لاہور کینال روڈ پر قائم کروائے گئے جبکہ باقی تاجپورہ روڈ اور جوڑے پل روڈ سے ہربنس پورہ چوک تک قائم کروائے گئے ایسا کرکے زون انتظامیہ نے علاقے میں سیوریج ،واٹر سپلائی سوئی گیس اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو تہس نہس کر دیا۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ان علاقوں میں عزیز بھٹی زون کی انتظامیہ نے یہ کلاف ورزیاں کروائی رہائشی علاقوں میں کمرشل عمارتوں کی تعمیر پر پابندی عائد ہے اگر کسی گھر کو کمرشل عمارت کا درجہ دینا مقصود ہو تو اس کے لیے ایل ڈی اے سے کمرشل پلان منظور کرانا ضروری ہے پلان منظور ہونے کے بعد کمرشلائزیشن کی فیس جمع کرائی جاتی ہے اور پھر آخری مرحلے میں نقشہ پاس کیا جاتا ہے مگر یہاں افسروں نے لاکھوں روپے فی شادی ہال نذرانہ حاصل کر کے قوانین ہی روند ڈالے اس سے ان علاقوں میں ٹریفک صبح سے رات گئے تک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔اس حوالے سے وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی زون میں ایسا کروانے والے افسروں کے خلاف بھر پور کاروائی کی جائے گی اور میئر لاہور عزیز بھٹی ٹاؤن کے ڈپٹی میئر اور ایل ڈی اے اتھارٹی سے جواب طلب کی جائے گا اگر یہ ثابت ہو گیا تو اس کے خلاف بھر پور کاروائی کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1