اقوام متحدہ کے امدادی ورکرز کی یمن واپسی،پروازوں کاسلسلہ بھی جاری

اقوام متحدہ کے امدادی ورکرز کی یمن واپسی،پروازوں کاسلسلہ بھی جاری

صنعاء(این این آئی)اقوا م متحدہ نے کہاہے کہ سعودی عسکری اتحاد کی اجازت ملنے کے بعد یمن کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی پروازوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے کہاکہ گزشتہ روز یمن پہنچنے والی چار پروازوں پر امدادی سامان کے ساتھ ورکرز بھی یمن لوٹے ۔ یمن کے دارالحکومت صنعا کے ہوائی اڈے پر اقوام متحدہ کے چار ہوائی جہاز اْترے۔ ان پر امدادی سامان کے ساتھ تقسیم کے عمل میں معاونت کرنے والے ورکرز بھی واپس پہنچے ہیں۔ یہ امدادی پروازیں چار نومبر کو سعودی دارالحکومت کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل کے جواب میں بند کر دی گئی تھیں۔ اس بندش کی وجہ سے سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے یمن کی فضائی اور بحری ناکہ بندی تھی۔فی الحال اردن کے دارالحکومت عمان اور صنعاء کے درمیان یہ پروازیں اقوام متحدہ کی نگرانی میں شروع کی گئی ہیں۔سعودی عسکری اتحاد نے رواں ہفتے کے دوران بائیس نومبر کو یمن کے لیے امادی سامان کی سپلائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد سعودی عسکری اتحاد کی انتظامیہ نے بیالیس اجازت نامے جاری کیے ہیں۔ ان اجازت ناموں میں بحری جہاز سے بھی امدادی سامان حدیدہ کی بندرگاہ پر پہنچانا شامل ہے۔

مزید : عالمی منظر