میکسیکو، جنسی زیادتی کیلئے اغواء ہونیوالی 30خواتین بازیاب

میکسیکو، جنسی زیادتی کیلئے اغواء ہونیوالی 30خواتین بازیاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

میکسیکو سٹی(آن لائن) میکسیکو میں 2 چھاپوں کے دوران جنسی زیادتی کے لئے اغواء ہونے والی 30خواتین کو بازیاب کرا لیا گیا ہے‘ جن میں زیادہ تر کا تعلق کولمبیا اور ونیزویلا سے ہے.غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا آپریشن ریاست میکسیکو کی دارالحکومت ٹولگا میں کیا گیا جو کہ ملک کا انتہائی گنجان آباد اور خطرناک ریاستوں میں سے ایک ہے۔اس چھاپے میں 21 اور 39 برس کے درمیانی عمروں کی حامل 24 خواتین کو بازیاب کرایا۔وفاقی پولیس نے کہا ہے 14 خواتین نے بتایا ہے ان کا اصل تعلق کولمبیا سے ہے جبکہ 10 خواتین نے اپنا تعلق ونیزویلا سے بتایا ہے۔دوسری جانب ریاست مودیلوس کے شہر کیورناواکا جو کہ ملک کے وسط میں ایک مصروف سیاحتی مقام ہے کے کئی گھروں میں کئے جانے والے ایک اور آپریشن میں حکام نے مزید 6 جنسی زیادتی متاثرین کو بازیاب کر دیا۔ ان میں5 کا تعلق ونیزویلا اور ایک میکسیکو سے ہے۔واضح رہے کہ ملازمتوں کے وعدے کرنے کے بعد ان خواتین کو میکسیکو میں اپنی دستاویزات سے محروم کر دیا گیا اور ان کے اہلخانہ کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دے کر انہیں عصمت فروشی پر مجبور کر دیا گیا۔تاہم متاثرہ خواتین کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والے مرد و خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید :

علاقائی -