انڈونیشیا : جزیرہ بالی میں آتش فشاں کے پھٹنے کی ’سرخ وارننگ‘ جاری
جکارتہ (مانیٹرنگ ڈیسک )انڈونیشیا نے بالی میں ایک آتش فشاں سے راکھ اور بھاپ نکلنے کے بعد اس کے گرد پروازوں کے حوالے سے شہری ہوا بازی کی انتہائی وارننگ جاری کی ہے۔یہ 'سرخ وارننگ' اس ہفتے آتش فشاں سے دوسری مرتبہ راکھ اور دھواں نکلنے کے بعد جا ر ی کی گئی۔ماؤنٹ آگنگ سے نکلنے والا دھواں چار ہزار میٹر تک اوپر اٹھا ہے اور اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ یہ آتش فشاں پھٹنے والا ہے۔ آخری مرتبہ یہ 1963 میں پھٹا تھا جس کے نتیجے میں تقریباً 1600 افراد ہلاک ہوئے تھے اور کئی گاؤں تباہ ہو گئے تھے۔انتظا میہ نے پہاڑ کے آٹھ کلو میٹر کے دائرے میں رہنے والے افراد کو حکم دیا ہے وہ اپنے گھر بار چھوڑ کر علاقہ خالی کر دیں۔ کئی دیگر افراد کو ماسک دیے جا رہے ہیں تاکہ وہ راکھ سے محفوظ رہیں۔ماؤنٹ آگنگ کی ہلچل اب پھٹنے کی سطح تک پہنچ چکی ہے،بالی انڈونیشیا کا ایک اہم ترین سیاحتی مقام ہے۔ تاہم اس کے دو اہم مراکز کوتا اور سیمنیاک آتش فشاں پہاڑ سے 70 کلو میٹر کی دوری پر ہیں۔