صوبائی دارالحکومت ، ڈکیتی چوری کی متعدد وارداتیں ، شہری لاکھوں کی نقدی ، زیورات اور گاڑیوں سے محروم
لاہور(خبرنگار)صوبائی دارالحکومت میں ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں کے دوران شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی،طلائی زیورات ، موبائل فون اورگاڑیوں و دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق غالب مارکیٹ کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے شاہد اوراس کے اہلخانہ سے 5لاکھ مالیت کی نقدی اورطلائی زیورات لوٹ لئے۔ شادمان میں ڈاکو نے سلیم اور اسکی فیملی سے3لاکھ مالیت کی نقدی وطلائی زیورات لوٹ کر فرار، وحدت کالونی ڈاکو حمید کے گھر گھس گئے اور اہلخانہ سے 5لاکھ کی نقدی ،طلائی زیورات اور دیگرقیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ گلشن اقبال کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے بلال کے گھر سے 4 لاکھ کی نقدی وطلائی زیورات لوٹ لئے۔ شیراکوٹ میں ڈاکوؤں نے ریاض اور اس کی فیملی سے 7 لاکھ مالیت کی نقدی ،طلائی زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا ۔ ہنجروال کے علاقہ میں ڈاکو اویس کے گھر میں گھس گئے اوراہلخانہ کو یرغمال بناکر3لاکھ کی نقدی ،طلائی زیورات اور قیمتی گھریلو سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ نواب ٹاؤن کے علاقہ میں ارشد سے ڈاکو2لاکھ کی نقدی ،موبائل فون اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔بادامی باغ میں ڈاکوؤں نے اشفاق سے 2لاکھ کی نقدی وموبائل فون چھین لیا۔ شاہدرہ میں ڈاکو تنویر سے 2لاکھ کی نقدی اورموبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔ رائے ونڈ ڈاکوؤں نے صدیق سے ایک لاکھ 75 ہزار روپے کی نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا جبکہ نصیر آباد ڈاکو فریدکے گھر گھس گئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر8لاکھ مالیت کی نقدی اورطلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں غالب مارکیٹ، نصیرآباد، گارڈن ٹاون سے کاریں جبکہ وحدت کالونی، اچھرہ، نواں کوٹ، بادامی باغ، لاری اڈاور شاہدرہ سے موٹرسائیکلیں چوری کرلی گئیں۔