لاہور میں پابندی کے باوجود تعطیل کے روز ون ویلنگ اور ریس کے مظاہرے

لاہور میں پابندی کے باوجود تعطیل کے روز ون ویلنگ اور ریس کے مظاہرے

لاہور ( خبر نگار) صوبائی دارالحکومت میں سخت پابندی کے باوجود اتوار کے روز درجنوں موٹر سائیکل سوار منچلے نوجوان شاہراؤں پر ون ویلنگ اور ریس لگاتے رہے۔ پولیس ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ۔ بتایا گیا ہے کہ شہر میں سخت پابندی کے باوجود موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹولیوں کی صورت میں مختلف شاہراؤں پر جان لیوا کرتب کرتے رہے، متعدد نوجوان لاکھوں روپے کی شرطیں لگا کر موٹر سائیکلوں پر ریسیں لگاتے رہے۔ پوش علاقوں میں منچلے نوجوانوں کے ساتھ خوبرو لڑکیاں بھی موٹر سائیکلوں پر بیٹھی دکھائی دیتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ امیر گھروں سے تعلق رکھنے والے لڑکے لڑکیاں ہیں جو 125موٹر سائیکلوں کے علاوہ ہیوی بائیکس پر سوار ہو کر ریسیں لگاتے ہیں۔ ایسے گروپ لبرٹی مارکیٹ ، مین بلیووارڈ گلبرگ، ڈیفنس ، ماڈل ٹاؤن کے علاقوں میں معروف پارکوں اور چوکوں کے ارد گرد موٹر سائیکلوں پر گھومتے دکھائی دئے۔ ذرائع ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ متعدد ویلر، فیملیز اور خواتین سے پرس چھین کر فرار ہو جاتے ہیں مگر پولیس ان کے خلاف موثر کارروائی میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں ڈیفنس ، وحدت روڈ، کوئنز روڈ، مال روڈ، فیروز پور روڈ، جوہر ٹاؤن ،شوکت چوک ، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، ملتان روڈ، کینال روڈ اور دیگر شاہراؤں پر گذشتہ روز موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹولیوں کی صورت میں ون ویلنگ اور ریسیں لگاتے دکھائی دیئے۔ پولیس نے متعدد نوجوانوں کو پکڑ لیا مگر ویلروں سے نذرانے لیکر چھوڑ دیا گیا ۔

 

مزید : علاقائی