ٹریفک جام،جشن میلاد النبیؐ محافل ، شادی بیاہ کی کئی تقریبات منسوخ

ٹریفک جام،جشن میلاد النبیؐ محافل ، شادی بیاہ کی کئی تقریبات منسوخ

لاہور (سٹاف رپورٹر) موٹر وے اور جی ٹی روڈ سمیت مختلف نواحی راستوں پر ٹریفک جام کے باعث کئی باراتیں اور اہم تقریبات منسوخ کرنا پڑیں، جن میں جشن عید میلاد النبیؐ کی بھی کئی محافل بھی شامل ہیں۔ لاہور سے ہفتہ کو شیخوپورہ، شاہ کوٹ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، ایبٹ آباد اور پشاور سمیت دیگر علاقوں میں جانیوالی باراتیں مختلف مقامات پر پھنس گئی تھیں اور کئی گھنٹے تک ٹریفک نہ کھلنے کے باعث باراتیوں نے دلہن والوں کو فون کرکے حالات سے آگاہ کیا، جس کے بعد شادی بیاہ کی یہ تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔ صوبائی دارالحکومت میں ہفتہ کی شب سے اتوار کی را ت گئے تک جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں درجنوں محافل کا پروگرام ترتیب دیا گیا تھا جن میں سے اکثر مختلف مساجد یا مدرسوں میں ہونا تھیں، معروف قرأ اور نعت خوان حضرات نے منتظمین کو فون پر اطلاع دی کہ ٹریفک کی دگرگوں صورتحال کے باعث ہماری شرکت ناممکن ہے۔ ہزاروں مدعو ئین نے بھی معذرت کی جس کے بعد یہ تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔ جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلے کی مرکزی محفل اتوار کوجوہر ٹاؤن میں ہونا تھی، جس میں مصر کے دو ممتاز قرأ حضرات سمیت معروف ثناء خوان آرہے تھے۔ یہ تقریب بھی موجودہ صورتحال کے پیش نظر منسوخ کر دی گئی۔ جو باراتیں لاہور سے ہفتہ کے روز بیرون شہر جانے کیلئے رو ا نہ ہوئی تھیں، وہ اتوار کی رات گئے تک نہ تو منزل مقصود پر پہنچیں اور نہ ہی واپس لاہور آ ئیں۔

مزید : صفحہ آخر